ریاض کے ہندوستان اور بنگلہ دیشی سفارتخانوں میں مائیتری دیوس

   

دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی نوعیت کے حامل ، سعودی عرب کے معززین کی شرکت
حیدرآباد۔9۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات میں مزید استحکام کے سلسلہ میں سعودی عرب میں واقع ہندوستانی اور بنگلہ دیشی سفارتخانوں نے مشترکہ طور پر مائیتری دیوس (یوم دوستی) کا اہتمام کیا ۔ دونوں حکومتوںکی جانب سے آج کا دن مائیتری دیوس کے طورپر منایا جاتا ہے ۔ ہندوستان نے 1971 ء میں بنگلہ دیش کو ایک آزاد مملکت کے طور پر تسلیم کیا تھا۔ یہ جشن بنگلہ دیش کی آزادی کی گولڈن جوبلی اور ہند۔بنگلہ دیش سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ کے طور پر منایا جارہا ہے ۔ دونوں ممالک کے سفارت خانوں کی جانب سے ثقافتی پروگرام منعقد کئے گئے ۔ مائیتری دیوس تقریب میں خلیج تعاون کونسل کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر نائف فلاح مبارک الحجرف ، سعودی وزارت اقتصادیات و منصوبہ بندی کے نائب وزیر بندر خمیس نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ شوریٰ کونسل کے رکن ڈاکٹر محمد بن عبداللہ الباس ، ڈاکٹر محمد الشمری ڈائرکٹر جنرل وزارت خارجہ مہمان اعزازی تھے۔ معززین نے ہندوستان اور بنگلہ دیش کے سفیروں کو مبارکباد پیش کی۔ ریاض میں موجود دیگر ممالک کے سفراء اور دونوں ممالک کی سرکردہ شخصیتوں نے شرکت کی۔ ہندوستانی سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید نے بنگلہ دیش کی عوام کو شیخ مجیب الرحمن کی صد سالہ پیدائش اور ملک کی آزادی کی گولڈن جوبلی کے موقع پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فلم ڈائرکٹر شیام بنیگل نے بنگلہ بندھو کی بائیوپک فلم تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو آنے والی نسلوں تک بنگلہ دیش کی تاریخ کو پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش جنوبی ایشیاء کی بڑی معیشتیں ہیں اور خطہ کی ترقی میں نمایاں کردار ہے۔ سعودی عرب میں بنگلہ دیش کے سفیر اور او آئی سی کے مستقل نمائندے ڈاکٹر محمد جاوید پٹواری نے کہا کہ یہ جشن ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پائیدار دوستی کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں ممالک کی روایات ، تاریخ اور ثقافت مشترک ہے۔ اس موقع پر مختلف کلچرل پروگرام پیش کئے گئے اور دستاویزی فلم کی نمائش کی گئی۔ ر