آف لائن بکنگ کی ہرگز اجازت نہیں، نظام آباد میں جائزہ اجلاس سے ضلع کلکٹر کا خطاب
نظام آباد۔ 27 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا ترپاٹھی کی صدارت میں ضلع سطحی ریت کمیٹی کا اجلاس کلکٹریٹ میں منعقدہ ہوا جس میں ریت کی نکاسی، منتقلی، سرکاری آمدنی میں اضافہ اور غیر قانونی کانکنی کی روک تھام پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں ریت کی بکنگ مکمل طور پر آن لائن طریقہ کار کے تحت ’’مانا اِسک وہانم‘‘ ایپ کے ذریعہ ہی کی جائے گی اور کسی بھی صورت آف لائن بکنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام سے شفافیت میں اضافہ اور حکومت کو زیادہ سے زیادہ آمدنی حاصل ہوگی۔کلکٹر نے مانجرا ندی کے علاقوں میں ریت کی نکاسی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال مانجرا ندی میں پانچ سرکاری مقامات کی اجازت دی گئی ہے، تاہم ان پر نکاسی ماحولیاتی منظوری سے مشروط ہوگی اور متعلقہ محکموں سے لازمی اجازت حاصل کرنے کے بعد ہی کھدوائیوں کی جا سکے گی۔ ماحولیاتی منظوری کے بغیر کسی بھی صورت کھدوائی نہ کرنے کا سخت حکم دیا گیا اس کے۔ علاوہ مانجرا ندی کے تین پٹہ اراضیات کو ضلع کلکٹر کی منظوری حاصل ہونے کی بھی اطلاع دی ہے۔زرعی اراضیات میں موجود ریت کے ذخیرہ کو مشینی طریقہ کے بجائے صرف لیبر کے ذریعہ ہٹانے اور صرف ٹریکٹروں کے ذریعہ منتقلی کی ہدایت دی گئی۔ اس عمل کی نگرانی کے اختیارات منڈل زرعی افسر اور مقامی تحصیلدار کو تفویض کیے گئے ہیں۔ کلکٹر نے ہدایت دی کہ کسانوں کو حکومت کی مقررہ قیمت ادا کی جائے اور انہیں کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔انہوں نے خبردار کیا کہ ضلع میں کہیں بھی غیر قانونی طور پر ریت یا مورم کی کھدوائی یا منتقلی پائی گئی تو فوری از خود مقدمات درج کیے جائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر کرن کمار، سب کلکٹرز وکاس مہتو اور ابھیگیان مالویہ، آر ڈی او راجندر کمار، اسسٹنٹ ڈائرکٹر معدنیات سنجے کمار سمیت محکمہ آبپاشی، دیہی آبی وسائل، معدنی ترقیاتی کارپوریشن، زمینی آبیات اور ہاؤسنگ کے عہدیداران نے شرکت کی۔