ریزیڈنشیل ہاسٹل میں انٹرمیڈیٹ کے طالب علم کی خودکشی

   

حیدرآباد ۔ 28 جون (سیاست نیوز) بیٹے کو ہاسٹل سے لینے میں باپ کی ایک دن کی تاخیر اس کیلئے عمر بھر کے غم کا سبب بن گیا۔ شیخ پیٹ حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں شیح پیٹ گورنمنٹ ریزیڈنشیل ہاسٹل میں انٹر کے طالب علم نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ گولکنڈہ پولیس ذرائع کے مطابق 17 سالہ پربھاس جو ظہیرآباد علاقہ کے ساکن مہیپال کا بیٹا تھا، یہاں شیخ پیٹ کے سرکاری ہاسٹل میں رہتا تھا۔ پربھاس انٹر سال اول کا طالب علم تھا جو الکاپوری شیخ پیٹ میں واقع گورنمنٹ ریزڈنشیل ہاسٹل میں رہتا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق پربھاس کو ہاسٹل میں رہنا پسند نہیں تھا۔ پربھاس مہیپال کی اکلوتی اولاد بتایا گیا ہے۔ گزشتہ تین دنوں سے پربھاس اپنے والد کو فون کرتے ہوئے ہاسٹل میں نہ رہنے کی ضد کررہا تھا۔ لڑکے کو ہاسٹل میں رہنا پسند نہیں تھا اور وہ اپنے والد سے گھر واپس لے جانے کا مطالبہ کررہا تھا۔ مہیپال نے اپنے بیٹے کو یقین دلایا تھا کہ وہ اس کو گھر واپس لے جائے گا۔ جمعہ کے دن مہیپال نے بیٹے سے وعدے کیا تھا کہ وہ ہاسٹل آ کر گھر لے جائے گا لیکن کسی وجہ سے وہ نہیں پہنچ سکا جس سے دلبرداشتہ ہوکر پربھاس نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع