چندی گڑھ : ریاست ہریانہ میں ہونے والی مہا پنچایت نے حکومت کو ریسلنگ فیڈریشن کے چیف برج بھوشن کو گرفتار کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔ میڈیا کے مطابق مہا پنچایت نے خواتین ریسلرز کی جانب سے ہراسانی کے الزامات کا سامنا کرنے والے برج بھوشن کو گرفتار کرنے کے لیے 9 جون کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق گرفتاری نہ ہونے پر پنچایت نے ریسلرز کے ساتھ دہلی تک مارچ کرنے اور ان کے احتجاج میں شامل ہونے کی دھمکی دی ہے۔ کسانوں کے رہنما راکیش ٹیکیٹ نے کہا ہے کہ حکومت کو مذاکرات سے مسائل حل اور برج بھوشن کو گرفتار کرنا چاہیے، گرفتاری نہ ہونے پر ہم ملک میں ہر جگہ پنچائیت لگائیں گے۔ میڈیا کے مطابق پنچائیت، کسانوں کے رہنماؤں اور کئی سماجی کارکنوں کے ایک پیج پر آنے کے بعد حکومت کی جانب سے مذاکرات کا اشارہ دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 31 مئی کو خواتین ریسلرز نے بھی جنسی ہراسانی پر فیڈریشن چیف برج بھوشن کے خلاف کارروائی کے لیے5 دن کا الٹی میٹم دیا تھا۔ ریسلرز کا کہنا ہے کہ کارروائی نہ ہوئی تو تمغے احتجاجاً دریائے گنگا میں بہا دیے جائیں گے جبکہ خواتین ریسلرز کا مطالبے نہ مانے جانے پر انڈیا گیٹ پر بھوک ہڑتال کا بھی منصوبہ ہے۔