ریلوے اسٹیشن پر روسی حملہ، 52 ہلاک ، سینکڑوں زخمی

,

   

کیف ۔ مشرقی یوکرین میں واقع ایک ریلوے اسٹیشن پر جمعہ کو روسی راکٹ حملوں کے نتیجے میں کم از کم 52 افراد ہلاک جب کہ 100سے زیادہ زخمی ہوگئے۔ریلوے کے اہل کاروں نے بتایا ہے کہ اس اسٹیشن سے ایک ایسے وقت میں شہری آبادی کے انخلا کا عمل جاری تھا، جب خطے کو بڑے پیمانے پر روسی حملوں کے خطرات لاحق ہیں۔ رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق، کراماٹوسک نامی ریلوے اسٹیشن پر دو راکٹ گرے۔ ڈونیسک خطے کے گورنر نے بتایا ہے کہ اْس وقت اسٹیشن پر ہزاروں افراد اور ان کے اہل خانہ محفوظ علاقوں کی جانب روانہ ہونے کے لیے موجود تھے۔ وائٹ ہاؤس نے ریلوے اسٹیشن پر کیے گئے اس حملے کو خوفناک قرار دیا ہے جس کی ہولناک تصاویر سامنے آچکی ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان، کیٹ بیڈنگ فیلڈ نے سی این این کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ امریکہ روسی حملوں کے خلاف یوکرین کی حمایت جاری رکھے گا۔ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے بتایا ہے کہ میزائل اس وقت گرا جب ہزاروں لوگ ریل گاڑی پر سوار ہونے کا انتظار کر رہے تھے۔ موصول ہونے والی تصاویر میں ہلاک و زخمی پلیٹ فارم پر پڑے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، جب کہ گرنے والے راکٹ پر روسی زبان میں تحریر ہے بچوں کے لیے۔