نئی دہلی ۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ریلوے پہلا حکومتی محکمہ ہونے والا ہے جو عام زمرہ کے غریبوں کیلئے 10% کوٹہ پر عمل آوری کرتے ہوئے آئندہ دو سال میں لگ بھگ 23,000 نوکریاں فراہم کرے گا، وزیرریلوے پیوش گوئل نے آج یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ حمل و نقل کا سب سے بڑا قومی ذریعہ آئندہ 6 ماہ میں لگ بھگ 1.31 لاکھ اور آئندہ دو سال میں مزید تقریباً ایک لاکھ ملازمین کی بھرتی کرے گا۔ ہندوستانی ریلوے نے 15,06,598 ملازمین عددی طاقت کو منظوری دی ہے۔ ان میں سے 12,23,622 پرسونل مستقل ملازم ہیں۔ بقیہ 2,82,976 جائیدادیں خالی ہیں۔ وزیر ریلوے نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ریلوے میں 1,51,548 جائیدادوں کیلئے بھرتی کا عمل جاری ہے، جس کے بعد 1,31,428 جائیدادیں ہنوز مخلوعہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 53,000 اور 46,000 ریلوے ملازمین ترتیب وار 2019-20ء اور 2020-21ء میں سبکدوش ہوجائیں گے جس کے سبب تقریباً ایک لاکھ افراد کیلئے اضافی جائیدادیں پیدا ہوں گی۔ گوئل نے کہا کہ ریلوے آئندہ دو سال میں تقریباً 4 لاکھ جابس فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ یہ بھرتیاں دو مرحلوں میں کی جائیں گی۔ 1,31,328 جائیدادوں کی نئی بھرتی کا پہلا مرحلہ فبروری ؍ مارچ 2019ء میں شروع کیا جائے گا۔
راجستھان : 5سال میں 70 ہزار گائیں فوت
جئے پور ۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ نے گایوں کے مسئلہ پر اپوزیشن بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے آج کہا کہ سابقہ حکومت کی پانچ سالہ حکمرانی کے دوران جئے پور کے ہنگونیا گاؤشالہ میں 74,016 گائیں فوت ہوئیں۔