کیپ ٹاؤن۔ ہندوستان کی وکٹ کیپر بیٹر ریچا گھوش اورفاسٹ بولر رینوکا ٹھاکر نے چہارشنبہ کو شائع ہونے والی تازہ ترین آئی سی سی خواتین کی ٹی 20 درجہ بندی میں کیریئر کا بہترین مقام حاصل کر لیا ہے۔ جنوبی افریقہ میں جاری خواتین کے ٹی20 ورلڈ کپ 2023 میں کچھ اچھے اسکور کے بعد ریچا پہلی بار خواتین کی درجہ بندی کی سرفہرست 20 میں پہنچ گئی ہیں۔گزشتہ ہفتے ویسٹ انڈیز کے خلاف41 رنزاور انگلینڈ کے خلاف47 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے انہیں 16 درجہ ترقی دے کر 20 ویں مقام پر پہنچا دیا ہے۔ ریچا فاسٹ بولرکی فہرست میں نائب کپتان اسمرتی مندھانا (تیسرے)، شفالی ورما (10ویں)، جمائمہ روڈریگس (12ویں) اور کپتان ہرمن پریت کور (13ویں) کے ساتھ ٹاپ 20 میں شامل ہونے والی پانچویں ہندوستانی بن گئیں۔ بولروںکی درجہ بندی میں، رینوکا نے انگلینڈ کے خلاف 15 رنز پر پانچ وکٹیں حاصل کیں جس سے وہ سات مقامات کی ترقی کر کے کریئر کی بہترین پانچویں مقام پر پہنچ گئی ہیں۔ نیوزی لینڈ کی فاسٹ بولر لیا تاہو جو دسویں سے ساتویں نمبر پر آگئی ہیں، انھوں نے چار میچوں میں آٹھ وکٹیں لینے کے بعد پہلی بار700 ریٹنگ پوائنٹس کی رکاوٹ کو توڑا ہے۔ ان کی ساتھی، آل راؤنڈر امیلیا کیر کی سری لنکا کے خلاف پارل میں میچ جیتنے والے 66 رنز نے انہیںکیریئرکی بہترین 16 ویں مقام پر لانے میں مدد کی ہے جبکہ وہ بولروں کی فہرست میں تین مقامات کی ترقی حاصل کرکے 13 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ پاکستان کی بائیں ہاتھ کی اوپنر منیبہ علی ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنانے والی اپنے ملک کی پہلی خاتون بننے کے بعد10 درجے ترقی کرکے کیریئر کی بہترین 64 ویں مقام پر پہنچ گئی ہیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف ناٹ آؤٹ 48 رنز بنانے والی آسٹریلوی کپتان میگ لیننگ ایک درجہ ترقی کرکے چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ نیوزی لینڈکی سابق کپتان سوزی بیٹس بنگلہ دیش کے خلاف81 اور سری لنکا کے خلاف 56 رنز کے ناقابل شکست اسکورکے بعد دو درجے ترقی سے چھٹے نمبر پرآگئی ہیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹازمین برٹس چھ درجے ترقی کے بعد 21 ویں نمبر پر، انگلینڈ کی ایمی جونزدو درجے ترقی کے بعد26 ویں نمبر پر، آئرلینڈ کی اورلا پرینڈرگاسٹ آٹھ درجے ترقی کے بعد 38 ویں نمبر پر اور سری لنکا کی ہرشیتھا سماراویکرما چار مقامات کی ترقی کے بعد 39 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ بیٹنگ درجہ بندی میں پاکستانی آل راؤنڈر ندا ڈار دو درجے ترقی کے بعد 37 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں اور بولروں میں بھی سات درجے ترقی کرکے 16 ویں نمبر پرآگئی ہیں۔ آسٹریلیا کے 19 سالہ فاسٹ بولر ڈارسی براؤن اپنی کفایتی بولنگ سے پہلی بارٹاپ 10 میں شامل ہوگئی ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے کپتان ہیلی میتھیوز بھی پاکستان کے خلاف 14 رنز دے کر دو وکٹیں لے کر ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔ ترقی پانے والی دیگر بولروں میں پاکستان کی اسپنر سعدیہ اقبال 13 درجے ترقی کے ساتھ 20 ویں، ویسٹ انڈی کی کرشمہ رامہراک 44 درجے ترقی کے ساتھ 28 ویں اور نیوزی لینڈ کے ایڈن کارسن 14 درجے ترقی کرکے37 ویں نمبر پر ہیں۔ آل راؤنڈرز کی فہرست میں میتھیوز اور امیلیا کیر فی کس ایک مقام کی ترقی کے بعد بالترتیب دوسرے اور مشترکہ تیسرے مقام پر ہیں، جبکہ پاکستان کی ندا ڈار دو درجے ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر ہیں۔