ریونت ریڈی اور دیگر کانگریس قائدین کو ہاؤز اریسٹ کرلیا گیا

   

Ferty9 Clinic

کوکا پیٹ اراضی پر احتجاج روکنے کی کوشش، پولیس کی مداخلت کے باوجود قائدین کوکاپیٹ پہنچ گئے، گرفتاریاں
حیدرآباد۔19 ۔جولائی (سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے کوکا پیٹ میں سرکاری اراضی کی فروخت کے خلاف کانگریس کے احتجاج کو ناکام بنانے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے بشمول پارٹی کے کئی اہم قائدین کو پولیس نے مکانات میں محروس کردیا ۔ پولیس کارروائی کے باوجود کانگریس قائدین نے بڑی تعداد میں کارکنوں اور مقامی افراد کے ساتھ کوکا پیٹ پہنچ کر متنازعہ اراضی پر دھرنا منظم کیا جس پر پولیس نے قائدین کو حراست میں لے لیا۔ ضلع کانگریس رنگا ریڈی کی جانب سے چلو کوکا پیٹ عنوان سے دھرنا منظم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا ۔ پولیس نے صبح کی ابتدائی ساعتوں میں تمام قائدین کے مکانات کا محاصرہ کرلیا ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی قیامگاہ کے روبرو پولیس گاڑیاں تعینات کردی گئیں اور انہیں گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ ریونت ریڈی نے پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت کیلئے نئی دہلی روانگی کے پروگرام سے واقف کروایا لیکن پولیس نے اجازت نہیں دی۔ پولیس عہدیداروں کا کہنا تھا کہ کوکا پیٹ کے علاقہ میں امکانی احتجاج کے پیش نظر ہاؤز اریسٹ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ دوپہر تک بھی پولیس نے ریونت ریڈی و دیگر قائدین کو مکانات سے نکلنے کی اجازت نہیں دی ۔ دیگر قائدین کو بھی ہاؤز اریسٹ رکھا گیا جن میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، رکن اسمبلی جگا ریڈی ، الیکشن مینجمنٹ کمیٹی صدرنشین دامودر راج نرسمہا ، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر ، جنرل سکریٹری یوتھ کانگریس انیل یادو ، جنرل سکریٹری پردیش کانگریس ونود ریڈی ، نائب صدر آر دامودر ریڈی ، این ایس یو آئی صدر بی وینکٹ ، نائب صدر ڈاکٹر ملو روی ، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا اور دیگر شامل ہیں۔ اسی دوران پارٹی قائدین مہیش کمار گوڑ اور کودنڈا ریڈی کی قیادت میں کارکنوں نے کوکا پیٹ پہنچ کر احتجاج منظم کیا اور پارٹی پرچم لہرایا۔ احتجاج میں مقامی افراد کی کثیر تعداد میں حصہ لیا۔ پولیس نے قائدین و کارکنوں کو مادھا پور پولیس اسٹیشن منتقل کردیا جہاں سے شام میں رہائی عمل میں آئی ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ اور کودنڈا ریڈی نے اعلان کیا کہ فروخت کے خلاف کانگریس کا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر سے قربت رکھنے والے اداروں کو رعایتی شرح پر اراضی الاٹ کردی گئی اور آکشن محض ڈرامہ تھا۔