سرمایہ کاری کیلئے16 تا 22 اپریل مختلف پروگراموں میں شرکت
حیدرآباد۔/15 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی جاپان کے سرکاری دورہ پر آج رات روانہ ہوئے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو کے علاوہ سرکاری عہدیدار دورہ میں شامل رہیں گے۔ 16 تا 22 اپریل جاپان میں مختلف پروگراموں میں حصہ لیتے ہوئے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے مختلف کمپنیوں سے معاہدات کی امید ہے۔ جاپان کے ٹوکیو، ماونٹ پوجی اور اوساکا کے علاوہ ہیروشیما کا تلنگانہ کا وفد دورہ کرے گا۔ اوساکا میں ورلڈ ایکسپو 2025 میں چیف منسٹر شرکت کریں گے۔ جاپان کی نامور کمپنیوں کے نمائندوں سے چیف منسٹر کی ملاقات ہوگی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا یہ پہلا دورہ جاپان ہے۔ اوساکا ورلڈ ایکسپو 2025 میں تلنگانہ پویلین قائم کیا جارہا ہے جس میں ریاست میں صنعتی ترقی کے مواقع اور سرمایہ کاری کے امکانات کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔ امید کی جارہی ہے کہ چیف منسٹر کے اس دورہ سے جاپانی کمپنیوں سے نہ صرف اشتراک حاصل ہوگا بلکہ جاپان کے ساتھ مالیاتی اشتراک کے فیصلوں میں مدد ملے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی تلنگانہ میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں اور یہ دورہ بھی اسی کا حصہ ہے۔1