ہر دن 1000 افراد کو مفت کھانا کھلایا جائے گا، اناپورنا کینٹن کھولنے حکومت سے مطالبہ
حیدرآباد : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ و رکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی نے آج سے گاندھی ہاسپٹل کے قریب ہر روز 1000 افراد کیلئے مفت کھانے کی اسکیم کا آغاز کیا۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پتہ چلا ہیکہ لاک ڈاؤن کے دوران گاندھی ہاسپٹل کے قریب مریضوں کے رشتہ داروں کو پینے کے پانی کی سہولت کا بھی انتظام نہیں ہے۔ یہاں تک گاندھی ہاسپٹل میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس، نرسیس و دیگر طبی عملہ کو بھی کھانے کی سہولت نہیں ہے جس کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا ہیکہ کانگریس کی جانب سے گاندھی ہاسپٹل کے پاس 1000 افراد کے مفت کھانے کا انتظام کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران حکومت اناپورنا کینٹن چلانے کیلئے بھی تیار نہیں ہے۔ انہوں نے ریاستی و مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ٹیکہ اندازی کے معاملے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ نمس ہاسپٹل میں آکسیجن کی عدم دستیابی سے مریض فوت ہورہے ہیں۔ ریاست میں آکسیجن اور ریمڈیسیور انجکشن کی قلت پائی جاتی ہے۔ ادویات کی بلیک مارکٹنگ ہورہی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا ٹاسک فورس کمیٹی اس سے واقف نہیں ہے۔ ریاست میں کورونا کا قہر جاری ہے۔ بڑے پیمانے پر اموات ہورہی ہیں۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر صرف پرگتی بھون میں اجلاس منعقد کرنے تک محدود ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کوویڈ ہاسپٹلس کے پاس انا پورنا کینٹن کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس نازک اور مصیبت کے موقع پر کانگریس پارٹی غریب عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
انہوں نے کورنا کے علاج کو فوری آروگیہ شری اسکیم میں شامل کرنے اور لاک ڈاؤن میں روزگار سے محروم ہونے والوں کو 5 ہزار روپئے معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔