ریونت ریڈی و چندرابابو نائیڈو ایک اسٹیج پر جاریہ ماہ حیدرآباد میں کمّا ورلڈ سمٹ

   

حیدرآباد ۔ یکم جولائی (سیاست نیوز) تلگو ریاستوں کے چیف منسٹرس ریونت ریڈی اور این چندرابابو نائیڈو حیدرآباد میں جاریہ ماہ کے تیسرے ہفتے میں ایک اسٹیج پر دکھائی دیں گے۔ حیدرآباد کے ہائی ٹیک سٹی میں 20 اور 21 جولائی کو ورلڈ کمّا سمٹ کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ کمّا طبقہ کا یہ سب سے بڑا ایونٹ ہے جس میں دونوں تلگو ریاستوں کے چیف منسٹرس کو مدعو کیا گیا ہے اور دونوں نے شرکت سے اتفاق کرلیا۔ واضح رہے کہ چندرابابو نائیڈو سابق میں ریونت ریڈی کے سیاسی باس رہ چکے ہیں جب وہ تلگودیشم پارٹی میں تھے۔ اطلاعات کے مطابق چندرابابو نائیڈو کے فرزند وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نارا لوکیش بھی ورلڈ کمّا سمٹ میں شرکت کریں گے۔ چندرابابو نائیڈو نے 1994 ء سے 2004 ء تک ہائی ٹیک سٹی کی ترقی میں اہم رول ادا کیا تھا۔ کمّا گلوبل فیڈریشن کی جانب سے یہ سمٹ منعقد کیا جارہا ہے جس کے بانی کانگریس کے سینئر لیڈر جے کسم کمار ہیں۔ دنیا بھر میں کمّا طبقہ کی موجود اہم اور نامور شخصیتوں کو سمٹ میں مدعو کیا جارہا ہے۔ تلگو ریاستوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ کے مقصد سے یہ سمٹ منعقد ہوگا جس میں دنیا بھر سے 1500 مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔ امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا کے علاوہ کرناٹک، ٹاملناڈو، مہاراشٹرا اور دیگر ریاستوں میں مقیم کمّا طبقہ کی اہم شخصیتیں شریک ہوں گی۔1