حیدرآباد۔/26 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے سکریٹری کی جانب سے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کو اسمبلی کا میڈیا ہال الاٹ کرنے سے انکار پر تنازعہ پیدا ہوگیا۔ ریونت ریڈی نے شام 4 بجے پریس کانفرنس کیلئے میڈیا ہال الاٹ کرنے کی درخواست دی تھی۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے عہدیدار صبح 10 بجے اجازت کے حصول کیلئے سکریٹری لیجسلیچر سے رجوع ہوئے تاہم انہوں نے پریس کانفرنس کیلئے ہال الاٹ کرنے سے انکار کردیا۔ بعد میں ریونت ریڈی نے سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریلو سے ملاقات کی اور اجازت نہ دیئے جانے کی وجوہات معلوم کی۔ انہوں نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے وہ اسمبلی کے میڈیا ہال میں پریس کانفرنس کا حق رکھتے ہیں اگر ان کے حقوق کو سلب کیا گیا تو وہ لوک سبھا میں سکریٹری کے خلاف تحریک مراعات پیش کریں گے۔ آخر کار سکریٹری نے پریس کانفرنس کی اجازت دے دی۔