ریونت ریڈی کو دہلی میں کے سی آر کا مکان الاٹ سابق چیف منسٹر نے 20 سال قیام کیا تھا

   

حیدرآباد۔/9 جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مرکزی حکومت نے نئی دہلی کے تغلق روڈ پر سرکاری قیامگاہ الاٹ کی ہے اور ریونت ریڈی اپنی پرانی قیامگاہ سے نئی میں منتقل ہوگئے۔ تغلق روڈ پر اہم شخصیتوں کی رہائش گاہیں ہیں اور اس میں 23 نمبر کی رہائش گاہ ریونت ریڈی کو بحیثیت چیف منسٹر الاٹ کی گئی۔ ریونت ریڈی نے نئی دہلی پہنچنے کے بعد اسی قیامگاہ میں قیام کیا۔ 2019 انتخابات میں رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے کے بعد مرکز نے یمنا بلاک ( ایم پی کوارٹرس) میں نویں منزل پر رہائش گاہ الاٹ کی تھی۔ چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد بھی ریونت ریڈی کئی دنوں تک اسی قیامگاہ میں رہے۔ مرکز نے چیف منسٹر کے طور پر ریونت ریڈی کو تغلق روڈ پر نیا مکان الاٹ کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی مکان میں سابق چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر تقریباً 20 سال تک مقیم رہے۔ مرکزی وزیر کے طور پر کے سی آر کو یہ مکان الاٹ کیا گیا تھا اور انہوں نے اسمبلی انتخابات تک اسی کو برقرار رکھا۔ الیکشن میں شکست کے بعد انہوں نے یہ مکان چھوڑ دیا۔ کے سی آر نے اس مکان کی تزئین نو کیلئے سرکاری سطح پر بھاری رقومات خرچ کی تھیں لیکن ریونت ریڈی نے بعض تبدیلیوں کیلئے اپنی ذاتی رقم خرچ کی ہے۔ ریونت ریڈی صرف حکومت کی مراعات کو حاصل کررہے ہیں۔1