ریونت ریڈی کو 4 ریاستوں میں کانگریس کی مہم کی ذمہ داری

   

یوپی، جموں و کشمیر اور اروناچل پردیش شامل، راجگوپال ریڈی اور اظہرالدین بھی اسٹار کمپینرس
حیدرآباد 2 اپریل (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو 4 ریاستوں میں لوک سبھا چناؤ کی انتخابی مہم کے اسٹار کمپینرس کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ ریونت ریڈی کو اترپردیش، جموں و کشمیر، اروناچل پردیش اور ٹاملناڈو میں انتخابی مہم کی ذمہ داری دی گئی۔ اِن ریاستوں میں پہلے مرحلہ میں چناؤ مقرر ہیں۔ تلنگانہ میں بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت کے خاتمہ میں ریونت ریڈی کے اہم رول کو دیکھتے ہوئے کانگریس ہائی کمان نے دیگر ریاستوں میں اُن کی مقبولیت کو ووٹ میں تبدیل کرنے کی تیاری کی ہے۔ ریونت ریڈی ہندی میں بہتر طور پر تقریر کرسکتے ہیں اور وہ تمام طبقات میں یکساں طور پر مقبول ہیں لہذا اترپردیش، جموں و کشمیر اور اروناچل پردیش کے رائے دہندوں پر ریونت ریڈی کی مہم اثرانداز ہوسکتی ہے۔ پڑوسی ریاست ٹاملناڈو میں بسنے والے تلگو عوام کے ووٹ کانگریس کی طرف موڑنے میں ریونت ریڈی اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ اِسی دوران کانگریس ہائی کمان نے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی اور سابق کرکٹر محمد اظہرالدین کو بھی اسٹار کمپینرس کی فہرست میں جگہ دی ہے۔ کانگریس سے بی جے پی اور پھر گھر واپسی کرنے والے کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کو اروناچل پردیش میں مہم کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تجارتی سرگرمیوں کے سبب راجگوپال ریڈی اروناچل پردیش میں کافی مقبول ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین کو جموں و کشمیر، اروناچل پردیش اور ٹاملناڈو کی انتخابی مہم میں شامل کیا جائے گا۔ اظہرالدین اگرچہ 2009 ء میں اترپردیش کے مرادآباد لوک سبھا حلقہ سے منتخب ہوئے تھے لیکن اترپردیش کے اسٹار کمپینرس میں اُن کے نام کی عدم شمولیت باعث حیرت ہے۔ حالیہ اسمبلی چناؤ میں اظہرالدین نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کیا تھا لیکن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری طرف بی جے پی نے بھی تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے اپنے قائدین کو مختلف ریاستوں میں مہم کی ذمہ داری دی ہے۔ پی مرلی دھر راؤ مدھیہ پردیش میں پارٹی کے تنظیمی انچارج ہیں لیکن وہاں کی اسٹار کمپینرس کی فہرست میں اُن کا نام شامل نہیں ہے۔ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی شمال مشرقی ریاستوں کے انچارج ہیں لیکن بی جے پی نے مذکورہ ریاستوں میں انتخابی مہم کے لئے کشن ریڈی کے نام کو شامل نہیں کیا ہے۔ 1