ریونت ریڈی کی بحیثیت چیف منسٹر آج حلف برداری، ایل بی اسٹیڈیم میں وسیع تر انتظامات

,

   

دوپہر 1:04 بجے کا مہورت، اہم شخصیتوں اور عوام کی کثیر تعداد میں شرکت، چیف سکریٹری نے انتظامات کا جائزہ لیا

حیدرآباد۔/6ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریونت ریڈی تلنگانہ کے دوسرے چیف منسٹر کی حیثیت سے 7 ڈسمبر کو اے دوپہر 1:04 بجے حلف لیں گے۔ لال بہادر اسٹیڈیم میں گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن ریونت ریڈی اور ان کے وزراء کو عہدہ اور راز داری کا حلف دلائیں گی۔ ریونت ریڈی پہلے طئے شدہ مہورت کے مطابق صبح 10:28 بجے حلف لینے والے تھے لیکن مہورت تبدیل کردیا گیا۔ لال بہادر اسٹیڈیم میں حلف برداری تقریب کے سلسلہ میں وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں جہاں مختلف اضلاع سے ہزاروں کی تعداد میں کانگریس کارکنوں اور ریونت ریڈی کے حامیوں کی شرکت متوقع ہے۔ ریونت ریڈی نے 9 ڈسمبر کو سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر حلف لینے کا اعلان کیا تھا لیکن راہول گاندھی کے بیرونی دورہ کے پیش نظر حلف برداری کی تاریخ کو اڈوانس کیا گیا ہے۔ انتظامات کے سلسلہ میں کانگریس قائدین مہیش کمار گوڑ، ڈاکٹر ملو روی اور دوسروں نے راج بھون پہنچ کر گورنر سے ملاقات کی اور انہیں سی ایل پی لیڈر کی حیثیت سے ریونت ریڈی کے انتخاب کا مکتوب حوالے کیا۔ کانگریس ہائی کمان کے مکتوب کے علاوہ پارٹی کے 64 ارکان اسمبلی کی فہرست بھی گورنر کو پیش کی گئی۔ گورنر سے حکومت کی تشکیل کے انتظامات کی درخواست کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر نے انتظامات کیلئے راج بھون کے عہدیداروں کو ذمہ داری دی ہے جو چیف سکریٹری شانتی کماری کے ساتھ انتظامات کو قطعیت دے رہے ہیں۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اسٹیڈیم میں حلف برداری کے مقام ، وی آئی پی اور مدعوئین کیلئے علحدہ مقامات کے علاوہ عوام کیلئے انتظامات کے مقامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈائرکٹر جنرل پولیس روی گپتا، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل سی وی آنند، شیودھر ریڈی، کمشنر پولیس حیدرآباد سندیپ شنڈلیہ، پرنسپال سکریٹریز شیلجا رمیار، مرتضیٰ علی رضوی، منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس دانا کشور، کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ راس، سکریٹری آر اینڈ بی سرینواس راجو، کلکٹر حیدرآباد انودیپ، سکریٹری راج بھون سریندر موہن، سکریٹری اطلاعات اشوک ریڈی کے علاوہ کانگریس قائدین ملوروی، نریندر ریڈی، انجن کمار یادو اور دوسرے موجود تھے۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں سے کہا کہ نقائص سے پاک انتظامات کئے جائیں اور اہم شخصیتوں اور مدعوئین کو کوئی دشواری نہ ہونے پائے۔ اسٹیڈیم میں صاف پینے کے پانی کی سربراہی اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ ملک کی مختلف ریاستوں سے اہم ترین شخصیتوں کی شرکت کے پیش نظر سیکوریٹی کے بھی مناسب انتظامات کئے جائیں۔