سیاسی تجربات کی بنیاد پر رہنمائی کی اپیل، صدر کرناٹک کانگریس شیوکمار کو دورۂ حیدرآباد کی دعوت
حیدرآباد 5 جولائی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آج صبح بنگلور پہونچ کر راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی۔ پردیش کانگریس کی صدارت پر فائز کئے جانے کے بعد کرناٹک کے قائدین کو جائزہ تقریب میں مدعو کرنے کے لئے ریونت ریڈی بنگلور پہونچے۔ ملکارجن کھرگے نے صدارت کی ذمہ داری پر ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی اور تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کے استحکام اور دوبارہ برسر اقتدار لانے کے لئے جدوجہد کا مشورہ دیا۔ ریونت ریڈی نے ملکارجن کھرگے سے خواہش کی کہ وہ اپنے دیرینہ سیاسی تجربہ کے اعتبار سے وقتاً فوقتاً اُن کی رہنمائی کریں۔ ریونت ریڈی نے کرناٹک پردیش کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار سے ملاقات کی اور تلنگانہ کی سیاسی صورتحال سے واقف کرایا۔ اُنھوں نے کرناٹک کے سابق وزیرداخلہ بی بی پاٹل کے علاوہ سابق چیف منسٹر سدارامیا سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ تجربہ کار قائدین سے صلاح و مشورے کے لئے وہ بنگلور پہونچے ہیں۔ اُنھوں نے 7 جولائی کو تقریب جائزہ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار کی واپسی کے علاوہ جنوبی ہند کی ریاستوں میں کانگریس کے استحکام کے مسئلہ پر قائدین سے بات چیت کی گئی۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ شیوکمار، ملکارجن کھرگے اور سدارامیا نے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ریونت ریڈی نے کل رات سابق چیف منسٹر کے روشیا سے اُن کی قیامگاہ پہونچ کر ملاقات کی اور آشیرواد حاصل کیا۔ اُنھوں نے روشیا کو تہنیت پیش کی اور پردیش کانگریس کی صدارت کی ذمہ داری کے لئے رہنمائی کرنے کی درخواست کی۔