ریونت ریڈی کی سرینواس ریڈی اور جوپلی کرشنا راؤ سے ملاقات

   

عنقریب دہلی میں ہائی کمان سے مشاورت، کھمم میں بڑے جلسہ عام میں شمولیت کی تیاریاں
حیدرآباد۔/21 جون، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے معطل کردہ قائدین سابق رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی اور سابق وزیر جوپلی کرشنا راؤ کی کانگریس میں شمولیت یقینی ہوچکی ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آج دونوں قائدین سے ان کی قیامگاہوں پر پہنچ کر ملاقات کی اور کانگریس میں شمولیت کی دعوت دی۔ تلنگانہ کی سیاست میں ان دونوں اہم قائدین سے ریونت ریڈی کی ملاقات کو اہم تبدیلی کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ کانگریس کو امید ہے کہ سرینواس ریڈی اور جوپلی کرشنا راؤ کے علاوہ کئی اور قائدین بھی کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی جو اسٹارکیمپینر ہیں ان کے ہمراہ ریونت ریڈی پہلے جوپلی کرشنا راؤ کی قیامگاہ پہنچے وہاں لنچ پر گفتگو کے بعد وہ سرینواس ریڈی کی قیامگاہ پہنچے جہاں کھمم ضلع کے کئی قائدین نے کانگریس میں شمولیت پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ قائدین کی شمولیت کے بارے میں ہائی کمان سے مشاورت کے بعد تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں شمولیت عام بات نہیں ہے۔ یہ شمولیت تلنگانہ سے بی آر ایس کے خاتمہ کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر کے خلاف بغاوت کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے تلنگانہ عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ سوائے کے سی آر خاندان کے عوام کو فائدہ نہیں پہنچا۔ سرینوا ریڈی اور جوپلی کرشنا راؤ کی شمولیت سے تلنگانہ میں سنہری دور کا آغاز ہوگا۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ اے آئی سی سی کی ہدایت پر انہوں نے دونوں قائدین سے ملاقات کی اور کانگریس میں شمولیت کی دعوت دی۔ عنقریب قومی صدر ملکارجن کھرگے ، سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی۔ کھمم میں ایک بڑا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کئی دیگر قائدین بھی مناسب وقت پر کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی 17 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی کے ذریعہ مرکز میں راہول گاندھی کی زیر قیادت حکومت کی تشکیل میں مدد دی جائے گی۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی گروناتھ ریڈی اور دامودھر ریڈی نے بھی کانگریس میں شمولیت سے اتفاق کیا۔ جوپلی کرشنا راؤ اور سرینواس ریڈی سے ملاقات کے موقع پر ڈاکٹر چنا ریڈی، ملوروی، مہیش کمار گوڑ اور دیگر قائدین موجود تھے۔ دونوں کے حامیوں کی کثیر تعداد نے ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت کا ارادہ ظاہر کیا۔ر