صدر پردیش کانگریس کی قیامگاہ پر قائدین اور حامیوں کا ہجوم، امکانی چیف منسٹر کے طورپر مبارکبادیوں کا تسلسل
حیدرآباد ۔یکم۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی چناؤ کے اگزٹ پول نتائج کے منظر عام پر آتے ہی نظم و نسق میں ہلچل پیدا ہوچکی ہے اور صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے اعلیٰ عہدیداروں نے ربط قائم کرنا شروع کردیا ہے۔ رائے دہی کی تکمیل کے فوری بعد کل شام اگزٹ پول کے نتائج جاری ہوئے جس میں کانگریس پارٹی کو اقتدار کی پیش قیاسی کی گئی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی رائے دہی کی نگرانی کے لئے کوڑنگل سے کاما ریڈی پہنچے اور سابق وزیر محمد علی شبیر کی قیامگاہ پر مقامی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا۔ اگزٹ پول نتائج کے بعد انہوں نے پریس کانفرنس کی اور شام میں حیدرآباد واپس ہوئے۔ حیدرآباد واپسی کے ساتھ ہی ریونت ریڈی کی قیامگاہ پر قائدین اور حامیوں کا ہجوم جمع ہوگیا اور انہیں چیف منسٹر کے عہدہ کی پیشگی مبارکباد دینے میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے لگے۔ ملک کی مختلف ریاستوں سے کانگریس قائدین نے ریونت ریڈی سے ربط قائم کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ اسی دوران ریاستی پولیس نے ریونت ریڈی کی سیکوریٹی میں اضافہ کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار نے ریونت ریڈی کی سیکوریٹی میں اضافہ کی ہدایت دی جس کے بعد ان کی قیامگاہ پر سیکوریٹی عملہ کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا۔ کانگریس پارٹی نے ریونت ریڈی چیف منسٹر عہدہ کے مضبوط دعویدار ہیں اور ہائی کمان کی مکمل تائید کے سبب انہیں پارٹی کی کامیابی کی صورت میں چیف منسٹر بنائے جانے کے امکانات قوی ہیں۔ کانگریس کے کئی سرکردہ قائدین نے آج ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی نے انتخابی نتائج اور ووٹوں کی گنتی کے موقع پر احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں پارٹی امیدواروں کو ضروری ہدایات دی ہیں۔ آج صبح سے ریونت ریڈی کی قیامگاہ پر غیر معمولی سرگرمیاں دیکھی گئیں اور حامیوں کی کثیر تعداد ملاقات کی منتظر تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی نظم و نسق کے کئی آئی پی ایس اور آئی اے ایس عہدیداروں نے فون پر ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی اور تشکیل حکومت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ ریونت ریڈی اگزٹ پول کی تفصیلات ہائی کمان کو روانہ کرچکے ہیں۔ اسی دوران تلنگانہ کے انچارج جنرل سکریٹری مانک راؤ ٹھاکرے نے حیدرآباد میں سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے امکانی نتائج کا جائزہ لیا۔