ہاسپٹل کے ساتھی ملازمین اور بستی کے افراد بھی دھوکہ کا شکار
حیدرآباد /19 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) زائد سود دینے کا وعدہ کرتے ہوئے ایک خاتون نے کروڑہا روپئے لوٹ لئے ۔ ہاسٹل میں کام کرنے والی اس خاتون نے ساتھی ملازمین اور بستی میں پڑوسیوں سے رقم حاصل کرلی اور مبینہ طور پر دھوکہ دے دیا ۔ اس خاتون کے خلاف بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ لکشمی جو ساتھی ملازمین اور پڑوسیوں کو دھوکہ دینے کا الزام ہے ۔ انڈو امریکن بسواتاراکا کینسر ہاسپٹل میں لکشمی بحیثیت آپریٹر خدمات انجام دے رہی تھی ۔ پولیس کے مطابق لکشمی نے زائد سود دینے کا وعدہ کرتے ہوئے عوام سے رقم حاصل کی اور دو ماہ تک پابندی کے ساتھ سود ادا کیا گیا ۔ جس کے سبب دیگر کو یقین پیدا ہوگیا ۔ اس طرح لکشمی نے جو ہاسپٹل میں کام کرتی تھی اس کے ساتھی ملازمین کو بھی اپنے جھانسہ کا شکار بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اچانک رابطہ منقطع کرنے والی خاتون رقم کیلئے گھر پہونچے والوں سے جھگڑا کرتی تھی اور اس میں اس کی مدد اس کا شوہر اور مکان مالک خاتون کیا کرتی تھی ۔ پولیس نے ان دونوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تقریباً 50 متاثرین پائے جاتے ہیں جن کے یہاں رقم دینے کا ثبوت ہے لکشمی پر تین کروڑ سے زائد کی دھوکہ دہی کا الزام پایا جاتا ہے ۔ ع