زبیر علی قتل کے تین ملزمین گرفتار

   

حیدرآباد : حسینی علم کے سید زبیر علی قتل کیس میں ملوث تین ملزمین کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر گجاراؤ بھوپال ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ /12 جون کی شب بہادر پورہ کے ساکن سید زبیر علی جو پیشہ سے میوہ فروش تھا کی نعش آشا ٹاکیز میں زیرتعمیر عمارت کی تیسری منزل پر خون میں لت پت دستیاب ہوئی تھی اور بعد تحقیقات اس کی شناخت زبیر کی حیثیت سے کی گئی ۔ پولیس حسینی علم نے اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور شواہد حاصل ہونے پر اس میں ملوث 3 ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سالم بن عبداللہ باسلوم ، محمد مظفر علی خان اور طارق علی نے یہ قتل کیا ہے ۔ ڈی سی پی نے کہا کہ سابق میں سالم کو سرقہ کی وارداتوں میں گرفتار کیا گیا تھا اور اسے جیل بھیجا گیا تھا جبکہ مظفر علی خان کا بھی جرم کا ریکارڈ ہے ۔ سالم کو یہ شبہ ہوگیا تھا کہ زبیر علی اس کی غیرقانونی سرگرمیوں کی اطلاع پولیس کو فراہم کررہا ہے جس کے نتیجہ میں اس نے زبیر کا قتل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ۔ /12 جون کی شب زبیر علی کو آشا ٹاکیز میں زیرتعمیر عمارت میں طلب کیا گیا اور بعد شراب نوشی تینوں نے خنجر سے حملہ کرکے اس کا قتل کردیا اور بعد ازاں وہاں سے فرار ہوتے ہوئے شاہین نگر علاقہ میں پناہ لے لی ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مذکورہ ملزمین کی گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے ان کے قبضہ سے دو خنجر اور موبائیل فون وغیرہ ضبط کرتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش کرکے جیل بھیج دیا ۔