نئی دہلی۔ رواں بارڈرگواسکر ٹرافی سیریز کے لیے آسٹریلیائی ٹیم کو ایک اور جھٹکا لگا ہے جب بائیں ہاتھ کے اوپنر ڈیوڈ وارنرکہنی کے فریکچر کی وجہ سے آخری دو ٹسٹ میچوں سے باہر ہوگئے ہیں۔ وارنرکو ابتدائی طور پر نئی دہلی میں دوسرے ٹسٹ سے باہرکردیاگیا تھا کیونکہ دسویں اوور میں ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سراج کے باؤنسر کے ہیلمٹ پر لگنے اوران کی کہنی پر چوٹ لگنے سے وہ زخمی ہوگئے تھے۔ اس کے بعد ان کی جگہ بائیں ہاتھ کے میتھیو رینشا کو نئی دہلی میں کنکشن کے متبادل کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔ ایکس رے سے تصدیق ہوئی ہے کہ وارنر کی کہنی میں ہیئر لائن فریکچر بھی ہوا ہے، اب وہ اندور اور احمد آباد میں آخری دو ٹسٹ سے باہر ہو ئے ہیں ۔ وارنر اپنے گھر والوں کے ساتھ سڈنی واپس جائیں گے۔ وارنر نے ہندوستان کے خلاف پہلے دو ٹسٹ میں اپنی تین اننگز میں صرف 26 رنز بنائے ۔کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے منگل کو ایک سرکاری بیان میں کہا کہ وارنر کے اب ہندوستان میں ممبئی میں17 مارچ سے شروع ہونے والے تین ونڈے میچوں کے لیے دستیاب ہونے کی امید ہے۔ وارنر ہندوستان کے ٹسٹ کے دورے سے باہر ہوگئے ہیں اور وہ وطن واپس پہنچ جائیں گے۔ وارنر کو دہلی میں دوسرے ٹسٹ میں کہنی پر چوٹ لگی تھی اور فریکچر ہوگیا تھا۔