نیویارک، 6 ستمبر (آئی اے این ایس) ٹاپ سیڈ جرمن کھلاڑی الیگزینڈر زویریف نے چلی کے الیخاندرو تابیلو کو شکست دے کر 2026 یو ایس اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ انہوں نے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 6-2، 7-6 (2)، 6-2 سے مسلسل تین سیٹ میں کامیابی حاصل کی۔ زویریف اپنے ابتدائی دونوں مقابلوں میں پانچ پانچ سیٹ کی طویل جنگ لڑنے کے بعد کورٹ پر اترے تھے اور دونوں میچ نیویارک کی رات کے آخری پہر میں ختم ہوئے تھے۔ تاہم تابیلو کے خلاف انہوں نے نسبتاً تیزی سے کامیابی حاصل کی اور یہ میچ 2 گھنٹے 26 منٹ میں اپنے نام کرلیا۔ اس سے قبل اپنے پہلے دو میچ جیتنے میں انہیں مجموعی طور پر 9 گھنٹے 26 منٹ لگے تھے۔ پہلا سیٹ باآسانی جیتنے کے بعد زویریف کو دوسرے سیٹ میں کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن موجودہ فرنچ اوپن چمپئن نے اہم لمحات میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے تابیلو کو دونوں سیٹ پوائنٹس سے فائدہ اٹھانے سے روک دیا۔ زویریف نے دونوں سیٹ پوائنٹس بچانے کے بعد تابیلوکی سروس توڑتے ہوئے 6-5 کی برتری حاصل کرلی۔ تاہم، جرمن کھلاڑی کی سروس سے متعلق مشکلات برقرار رہیں اور تابیلو نے فوری طور پر بریک واپس حاصل کرکے اسکور برابرکردیا، جس کے نتیجے میں سیٹ ٹائی بریک تک پہنچ گیا۔اس موقع پر 29 سالہ زویریف نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور ٹائی بریک میں انتہائی پراعتماد کھیل پیش کرتے ہوئے سیٹ اپنے نام کرلیا۔ تیسرے سیٹ میں بھی جرمن کھلاڑی نے اسی رفتارکو برقرار رکھا۔ انہوں نے 3-2 کے اسکور پر فیصلہ کن بریک حاصل کی اور تابیلو کی غیر مستقل کارکردگی کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ زویریف نے بیس لائن سے مسلسل دباؤ برقرار رکھا اور چلی کے کھلاڑی کو سیٹ میں واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا۔آخرکار زویریف نے 2 گھنٹے 26 منٹ میں میچ ختم کرتے ہوئے نیویارک میں اپنے کیریئر میں چھٹی مرتبہ یو ایس اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔زویریف کا اگلے راؤنڈ میں 25ویں سیڈ اٹلی کے لوسیانو ڈارڈیئری سے مقابلہ ہوگا۔ ڈارڈیئری نے آسٹریلیا کے وائلڈ کارڈ کھلاڑی ڈین سوینی کو 6-4، 6-3، 6-3 سے شکست دے کر ہارڈ کورٹ کے اس بڑے ٹورنمنٹ میں پہلی مرتبہ چوتھے راؤنڈ میں رسائی حاصل کی ہے۔دوسری جانب چوتھی سیڈ امریکی کھلاڑی لرنر ٹین نے لوئس آرمسٹرانگ اسٹیڈیم میں تین گھنٹے 24 منٹ تک جاری رہنے والے پانچ سیٹ کے سنسنی خیز مقابلے میں جیکب مینڑک کو 6-3، 1-6، 6-7(2)، 6-3، 6-4 سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے اپنے ہوم گرانڈ سلام میں کیریئر کی بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا۔اس کامیابی کے ساتھ 20 سالہ ٹین یو ایس اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں پہنچنے والے سب سے کم عمر امریکی کھلاڑی بن گئے اور انہوں نے اینڈی راڈک کا ریکارڈ برابر کردیا۔