ڈسٹرکٹ منیجرس کے ساتھ کمشنر سیول سپلائز اکون سبھروال کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ) : کمشنر سیول سپلائز اکون سبھروال نے کہا کہ اس موسم خریف میں سات لاکھ کسانوں سے 37 لاکھ ٹن دھان حاصل کرتے ہوئے کسانوں کے اکاونٹس میں راست طور پر 6291 کروڑ روپئے کی ادائیگی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ربیع سیزن میں دھان کی زیادہ فصل کے پیش نظر عہدیداروں کو اس بات کے لیے تمام تر اقدامات کرنا ہوگا کہ کسانوں کو ان کے دھان کو فروخت کرنے اور اقل ترین امدادی قیمت حاصل کرنے میں کوئی مسئلہ نہ ہونے پائے اور ملرس سے بعجلت ممکنہ سی ایم آر (کسٹم ملنگ رائس ) بھی واپس حاصل کرنا چاہئے ۔ اتوار کو کمشنر سیول سپلائز نے سیول سپلائز بھون میں سیول سپلائز کارپوریشن ڈسٹرکٹ منیجرس کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ کمشنر نے بقایہ جات کی ادائیگی خاص کر ملرس کو ملنگ چارجس کی ادائیگی کے لیے تمام احتیاطی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ۔ سی ایم آر ڈیفالیٹرس پر سخت کارروائی کی جائے ۔ اگر کوئی عہدیدار عمداً غلطیاں کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ بنیادی سطح سے اعلیٰ سطح تک ہر اسٹاف ممبر کو ذمہ داری کے ساتھ کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سیول سپلائز اور کارپوریشن کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے کام کرنا چاہئے ۔ گوداموں میں موجود پرانے اسٹاکس کو نکالنے کے لیے ٹنڈرس طلب کرنے کی ہدایت دی اور گودام لیز کرایہ سے متعلق فیصلہ کرتے وقت بھی شفافیت کا معاملہ ہونا چاہئے ۔۔