زیورات کی تیاری کے نام پر جوہری سونا لیکر فرار

   

متاثر جوہری پولیس سے رجوع، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ 21 جنوری (سیاست نیوز) زیورات کی تیاری کیلئے سونا لیکر ایک جوہری فرار ہوگیا۔ ایک جوہری کی شکایت پر پولیس نے دوسرے جوہری کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جس پر 17 لاکھ مالیتی سونا لیکر فرار ہونے کا الزام ہے۔ نارائن گوڑہ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ بشیرباغ علاقہ میں واقع سری یش جویلرس کے اونر آنند کمار اگروال نے آتک جویلری کے اونر گنیش چندراداس کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق آنند اگروال ملک کے بڑے شہروں میں کاروبار کرتا ہے اور گراہکوں کی پسند کے مطابق انہیں زیورات تیار کرتے ہوئے فراہم کرتا تھا۔ اگروال سونے اور ہیرے جواہرات کے زیورات تیار کرنے میں اپنی ایک منفرد پہچان رکھتا ہے۔ گذشتہ چند عرصہ قبل آتک جویلرس کے گنیش چندرا داس سے اس کی پہچان ہوئی اور اس نے گذشتہ نومبر میں کئی ایک مرتبہ اس جویلرس کو ایک کروڑ سے زائد کے زیورات تیار کرنے کا آرڈر دیا۔ گنیش داس نے ایک آرڈر میں 30 لاکھ روپئے مالیتی زیورات کو تیار کرتے ہوئے اگروال کے حوالے کردیا اور مزید 65 لاکھ سونے اور 17 لاکھ ہیرے کے زیورات کو تیار کرنے میں ٹال مٹول کررہا تھا۔ اس ضمن میں 9 جنوری سے گنیش چندرا داس کا فون بند آرہا تھا جس کے بعد اگروال نے اس کی دکان واقع چارمینار کا رخ کیا اور جب اس نے دکان پرتالہ دیکھا تو حیران رہ گیا جس نے فوری اس واقعہ کے خلاف نارائن گوڑہ پولیس میں شکایت درج کردی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع