خصوصی اپلی کیشن کے استعمال کیلئے محکمہ پولیس سے شعور بیداری کی ضرورت
حیدرآباد : ریاست تلنگانہ میں سائبر کرائم میں ہونے والے اضافہ سے نمٹنے کے لئے عملہ کی قلت کے سبب روزانہ کئی افراد سائبر دھوکہ دہی کا شکار رہے ہیں۔ شہر حیدرآباد اور ریاست کے دیگر اضلاع میں مختلف ایپلیکیشن اور آن لائن دھوکہ دہی کے واقعات سے نمٹنے کیلئے جملہ 58 افراد پر مشتمل ماہرین محکمہ پولیس میں موجود ہیں جنہیں روزانہ کئی شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی تحقیقات کرنی پڑرہی ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں سال 2017کے دوران 325 سائبر کرائم کے واقعات درج کئے گئے تھے جبکہ سال 20018 میں اس میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا اور ان کی تعداد 428 ہوئی لیکن سال 2019میں یہ تعداد 4عدد کے نمبر تک پہنچ گئی اور 1393 سائبر دھوکہ دہی کے مقدمات درج کئے گئے جبکہ اب 2020کے دوران ڈسمبر تک جملہ 2456 شکایات موصول ہوچکی ہیں اور کہا جار ہاہے کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع سے بھی اب بڑی تعداد میں شکایات موصول ہونے لگی ہیں اور ان سے نمٹنے کیلئے محکمہ پولیس کے اس شعبہ کو مزید مستحکم اور عصری سہولتوں سے ساتھ ساتھ افرادی قوت میں بھی اضافہ کی ضرورت محسوس ہونے لگی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ابتدائی دور میں OLX کے علاوہ اسی طرح کے فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کے ذریعہ دھوکہ دہی یا رقمی لین اور دیگر طرز کے سائبر جرائم کی شکایات موصول ہوا کرتی تھیں لیکن بتدریج شکایات کی نوعیت میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ ریاست تلنگانہ میں ایپلیکیشن کے استعمال کے ذریعہ دھوکہ دہی کے واقعات میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے جو کہ محکمہ پولیس کے اعلی عہدیداروں کو متفکر کئے ہوئے ہے۔ محکمہ پولیس کے اعلی عہدیدارو ںکا کہناہے کہ ریاست تلنگانہ میں سائبر جرائم پر قابو پانے کیلئے تیار کی جانے والی حکمت عملی میں محکمہ پولیس میں ہی سی سی ایس کے طرز پر علحدہ شعبہ کی تشکیل کے اقدامات کئے گئے ہیں لیکن اب اس شعبہ میں افرادی قوت کے علاوہ ماہرین کے ساتھ ساتھ عصری سہولتوں اور آلات کی ضرورت بھی محسوس کی جانے لگی ہے جس کے ذریعہ ہی سائبر جرائم پر قابو پانے کے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ محکمہ پولیس کی جانب سے تیار کردہ سفارشات اور تجاویز کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی سائبر دھوکہ دہی سے چوکنا رہنے کی مختلف طریقوں سے اپیل کی جا رہی ہے اور انہیں سائبر دھوکہ دہی کے واقعات اور طریقہ کار سے واقف کروانے کیلئے شعور بیداری مہم بھی چلائی جارہی ہے۔