لکھنؤ:ہاتھوں میں کلپ بورڈ اٹھائے، پین پکڑے 51 سالہ یہ شخص بی جے پی کا سابق رکن راجیش مشرا ہے جو نوجوان طلبہ کا امتحان لینے نہیں بلکہ خود بارہویں کا امتحان دینے کے لئے امتحانی کمرے کی جانب رواں دواں ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیاسی کارکن راجیش مشرا کا کہنا ہے کہ امتحان دینے کے لیے آنے والے طلبہ پہلے انہیں دیکھ کر حیران رہ گئے لیکن پھر وہ یہ جان کر خوش ہوئے کہ ان کے علاقہ کا ایک سیاستدان ان کے ساتھ امتحان میں شریک ہو رہا ہے۔ یاد رہے کہ راجیش مشرا کو 2017 میں بی جے پی نے ٹکٹ دیا تو بریلی کے حلقے بیتھری چین پور سے جیت کر عوام کی خدمت کی تاہم گزشتہ برس ان کی سیاسی جماعت نے انہیں ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا تھا۔ بعدازاں تمام تر مصروفیت کے باوجود راجیش مشرا نے صرف یہ سوچ کر کہ انہیں 12ویں کا امتحان دینا چاہئے، امتحانات کی تیاری شروع کر دی۔ انہوں نے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اس لئے 12 ویں کا امتحان دیا تاکہ وہ تعلیم مکمل کرکے وکیل بن سکیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک ایم ایل اے کے طور پر میں نے محسوس کیا کہ عوام کی ایک بڑی تعداد، خاص طور پر وہ لوگ جو مالی طور پر کمزور ہیں، انہیں انصاف نہیں ملتا کیونکہ وہ اپنے لئے ایک اچھا وکیل نہیں کرپاتے۔ انہوں نے کہا کہ میں ایسے لوگوں کی مدد کے لیے قانون کا مطالعہ کرنا چاہتا ہوں، جس کیلئے 12ویں جماعت پاس کرنا ضروری تھا۔