نئی دہلی: ہریانہ بی جے پی کے سابق ایم پی چودھری بیریندر سنگھ اور ان کی اہلیہ پریم لتا سنگھ چودھری اپنے ہزاروں حامیوں کے ساتھ آج کانگریس میں شامل ہو گئے ۔ ہریانہ کے سرکردہ لیڈر اور کسانوں کے مسیحا چھوٹو رام کے پوتے بیریندر سنگھ (78) نے پارٹی جنرل سکریٹری مکل واسنک، ہریانہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بھوپیندر سنگھ ہڈا، پارٹی جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا، کماری سیلجا ، ہریانہ کانگریس صدر اودے بھان، کانگریس او بی سی محکمہ کے چیئرمین کیپٹن اجے سنگھ یادو، ایم ایل اے کرن چودھری، پنجاب کی سابق چیف منسٹر راجندر کور بھٹل، ممبران پارلیمنٹ ناصر حسین اور پون کھیڑا و دیگر کی موجودگی میں کانگریس کی رکنیت لی۔ واسنک نے کہا، ”میں سنگھ کو کانگریس خاندان میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ آج ملک میں جمہوریت اور آئین کے سامنے چیلنجز ہیں۔ ایسے حالات کو جانتے ہوئے چودھری بیریندر سنگھ نے فیصلہ کیا کہ ہمیں کانگریس کے ساتھ آنا ہو گا۔‘ان کے آنے سے کانگریس کو قومی سطح پر اور ہریانہ میں طاقت ملے گی۔ ہڈا نے کہا کہ آج، ہریانہ کے سابق بی جے پی ایم پی چودھری بیریندر سنگھ کانگریس میں شامل ہو گئے ہیں۔ آپ سب کا کانگریس میں خیر مقدم ہے ۔ ملک کے آئین اور جمہوریت کو بچانے سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔