سابق بی ایس پی قائد اور ان کے فرزند پر نامعلوم اشرار کا حملہ

   

دامودہ (مدھیہ پردیش) ۔ 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائد دیویندر چورسیا جنہوں نے چند دن قبل بی ایس پی سے استعفیٰ دیکر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی تھی، قتل کردیئے گئے اور ان کے فرزند شدید زخمی ہیں جبکہ لوگوں کے گروپ نے مدھیہ پردیش کے علاقہ داموہ میں ان دونوں کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا تھا۔ 7 افراد بشمول موجودہ بی ایس پی رکن اسمبلی پٹھاریا رامبائی کے شوہر اور دیگر کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ چورسیا اور ان کے فرزند پر قصبہ آٹا میں حملہ کیا گیا تھا۔ گروپ کے ا رکان آہنی سلاخوں اور لاٹھیوں سے مسلح تھے۔ اس واقعہ کے بعد قصبہ آٹا میں کشیدگی پھیل گئی، دکانیں بند کردی گئیں۔ چورسیا اور ان کے فرزند اس حملہ میں زخمی ہوئے تھے جنہیں نازک حالت میں جبل پور ہاسپٹل منتقل کیا گیا لیکن راستے میں ہی سیاستداں کا انتقال ہوگیا۔ مرحوم کے فرزند سومیش چورسیا کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ برہم عوام کو ڈسٹرکٹ کلکٹر میرٹھ کمار سنگھ نے مطمئن کردیا کہ پولیس نے قانون تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمے درج کرلئے ہیں اور خاطیوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔