سابق حکومت کے 10غیر منظورہ اعلامیوں کی دوبارہ پارلیمنٹ میں پیشکشی

   

نئی دہلی ۔ 20جون ( سیاست ڈاٹ کام) جمعرات کو 10ایسے اعلامیوں کی نقولات لوک سبھا میں پیش کی گئیں جنہیں این ڈی اے کی سابق حکومت نے منظوری کیلئے 16ویں لوک سبھا کے آخری اجلاس میں پیش کیا تھا لیکن جو ایکٹ میں تبدیل نہ ہوسکے ۔ مرکزی کابینہ نے حال ہی میں مذکورہ 10اعلامیوں کو تازہ بلوں میں تبدیل کرنے کو منظوری دے دی ہے ۔ منظوری کے بعد انہیں پارلیمنٹ کے جاریہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا ۔ پارلیمانی اُمور کے مملکتی وزیر ارجن رام مگیھوال اور وی مرلیدھرن نے یہ اعلامیے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں پیش کئے ۔ جن کا اجلاس مختصر وقت کیلئے جمعرات کو منعقد ہوا ۔ مودی حکومت کے دوبارہ برسراقتدار ہونے پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ان اعلامیوں کو نئے سرے سے نئی لوک سبھا میں پیش کیا جائے ۔ ان اعلامیوں کو پارلیمان کے اجلاس کی شروعات کے 45دنوں کے اندر قوانین میںتبدیل کرنا ہوگا ورنہ یہ کالعدم ہوجائیں گے ۔ طلاق ثلاثہ کے اعلامیہ کے علاوہ ہندوستان طبی کونسل کی ترمیم سے متعلق اعلامیہ ، کمشنر ترمیمی اعلامیہ ، جموں و کشمیر کے تحفظات سے متعلق اعلامیہ وغیرہ ان میں شامل ہیں ۔