اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (ایجنسیز) سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کو اسرائیلی قید سے رہا کردیا گیا ہے۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان کی رہائی کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔مشتاق احمد خان کو اسرائیلی فورسز نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے بحری قافلے ’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ سے دیگر افراد کے ہمراہ گرفتار کیا تھا۔ان کی گرفتاری کے بعد پاکستان کی جانب سے سفارتی ذرائع کے ذریعے مسلسل کوششیں جاری رہیں۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی رہائی پاکستان کی سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ ادارے ان کی واپسی کے انتظامات میں مصروف ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کی ہے اور کسی بھی پاکستانی کی غیر قانونی گرفتاری یا نظربندی کے معاملے پر خاموش نہیں رہا۔