سابق مئیر حیدرآباد بی رام موہن کی چیف منسٹر سے ملاقات

   

بی آر ایس میںہلچل ۔ جی ایچ ایم سی کے 15 کارپوریٹرس کی بھی کانگریس میں شمولیت ممکن
حیدرآباد 11فروری(سیاست نیوز) سابق مئیر حیدرآباد و بی آر ایس لیڈر بی رام موہن کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات نے بی آ رایس میں ہلچل پیدا کردی ۔ چیف منسٹر اور مشیر اعلیٰ ویم نریندر ریڈی کی موجود گی میں سابق مئیر بی رام موہن کی ملاقات کے بعد کہا جارہاہے کہ بی آر ایس قائد نے کانگریس میں شمولیت کا ذہن بنا لیا ہے۔ بی رام موہن جس وقت مئیر تھے اس وقت کے ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین نے گذشتہ دنوں کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی اور اب کارگذار صدر بی آر ایس کے ٹی راما راؤ نے جی ایچ ایم سی حدود بی آر ایس قائدین و کارپوریٹرس کا اجلاس طلب کرکے پارٹی میں رکھنے کی کوششوں کا آغاز کردیا تھا اس کے باوجود یہ کہا جارہا ہے کہ بی آر ایس کے 15 سے زائد کارپوریٹرس کانگریس میں شمولیت کا ذہن بنا چکے ہیں۔ ان قیاس آرائیوں کے دوران چیف منسٹر سے سابق مئیر کی ملاقات کے بعدکہا جا رہاہے کہ بی آر ایس قائدین کو کانگریس میں شامل کروانے کی مہم شروع کی جاچکی ہے۔گذشتہ دن رکن کونسل پی مہندر ریڈی نے اپنی اہلیہ و صدرنشین بلدیہ چیوڑلہ کے ساتھ چیف منسٹر سے ملاقات کی تھی اور کہا جا رہاہے کہ وہ آئندہ چند یوم میں کانگریس میں شمولیت کا اعلان کرسکتے ہیں ۔ سابق مئیر بی آر ایس سے اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض تھے ۔ انہوں نے لوک سبھا کیلئے بھی ٹکٹ کی دعویداری پیش کی لیکن انہیں ٹکٹ کے امکانات نہ ہونے کے سبب وہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ 3