سابق وزیر بلرام نائک پر تین سال کیلئے الیکشن لڑنے پر پابندی

   

انتخابی اخراجات داخل نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کی کارروائی
حیدرآباد: الیکشن کمیشن نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے سابق مرکزی وزیر بلرام نائک کو آئندہ تین سال تک انتخابات میں حصہ لینے کے لئے نااہل قرار دیا ہے۔ 2019 ء لوک سبھا انتخابات میں بلرام نائک نے محبوب آباد حلقہ سے مقابلہ کیا تھا۔ انہوں نے مقررہ مدت کے دوران الیکشن کمیشن کو انتخابی ا خراجات کی تفصیلات داخل نہیں کی جس پر کارروائی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے تین سال تک انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی لگادی ۔ وہ تین سال تک پارلیمنٹ ، اسمبلی اور کونسل کے انتخابات میں حصہ نہیں لے پائیں گے ۔ الیکشن کمیشن نے اس سلسلہ میں اسٹیٹ الیکٹورل آفیسر شیشانگ گوئل کو اطلاع دیتے ہوئے اعلامیہ جاری کیا ہے۔ بلرام نائک کے علاوہ بعض دیگر امیدواروں کے خلاف بھی اسی طرح کی کارروائی کی گئی ۔ جن میں محبوب آباد حلقہ کے سی پی آئی امیدوار کے وینکٹیشور راؤ ، نلگنڈہ حلقہ سے مقابلہ کرنے والے بہوجن مکتی پاری کے امیدوار وینکٹیش ، آزاد امیدوار آر سرینواسلو اور میدک حلقہ سے شیوسینا کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے والے ہنمنت ریڈی شامل ہیں۔