سابق وزیر چودھری ذوالفقار بی جے پی میں شامل

   

جموں: جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ اتوار کے روز اپنی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر چودھری ذوالفقارعلی نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔تقریب میں مرکزی وزیرمملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ اور جی کشن ریڈی میں بھی موجود تھے ۔اطلاعات کے مطابق جموں میں اتوار کے روز بی جے پی ہیڈ کواٹر پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس دوران سابق ریاستی وزیر چودھری ذوالفقارعلی نے دو مرکزی وزراء کی موجودگی میں بھارتیہ جنتاپارٹی میں شمولیت اختیار کی۔اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران چودھری ذوالفقارعلی نے کہاکہموجودہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں بی جے پی نے ایسی اسکیموں کو لاگو کیا جس سے غریب کو بھی فائدہ پہنچ رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت صحت کارڈ اسکیم سے ہزاروں لوگوں کو ہسپتالوں میں مفت علاج مل رہا ہے ۔ جموں وکشمیر میں قیام امن کی خاطر مرکزی حکومت نے زمینی سطح پر کام کیا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج وادی کشمیر میں حالات پوری طرح سے معمول پر آئے ہیں۔