سابق پرنسپل آر جی کار میڈیکل کالج گرفتار

,

   

ایس ایچ او کیساتھ تحقیقات میں تاخیر اور ثبوتوں سے چھیڑ چھاڑکا الزام
کولکاتہ: کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اورہاسپٹل میں جونیئر ڈاکٹر کی عصمت ریزی اور قتل کے معاملے میں سی بی آئی نے بڑا قدم اٹھایا ہے۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی نے کل آر جی کار میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل سندیپ گھوش کو گرفتار کیا۔ وہ 23 ستمبر تک عدالتی حراست میں رہیں گے۔اس سے قبل سی بی آئی نے سابق پرنسپل کو مالی بے ضابطگیوں کے معاملے میں گرفتار کیا تھا۔ اب عصمت ریزی اور قتل کیس میں ایک نئی گرفتاری ہوئی ہے۔ سی بی آئی نے ایف آئی آر درج کرنے میں مبینہ تاخیر اور آر جی کار عصمت ریزی کیس کی تحقیقات میں ثبوت غائب کرنے کے الزام میں سندیپ گھوش اور تلہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او ابھیجیت منڈل کو گرفتار کیا ہے۔ سی بی آئی کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہیکہ سندیپ گھوش اور کولکتہ پولیس کے ایس ایچ او دونوں مبینہ طور پر تحقیقات میں تاخیر کرنے اور ثبوتوں سے چھیڑ چھاڑ کرکے انصاف میں رکاوٹ ڈالنے میں ملوث تھے۔ اس ماہ کے شروع میں مرکزی تفتیشی بیورو کی عدالت نے سندیپ گھوش اور تین دیگر کو مالی بے ضابطگیوں کے معاملے میں 23 ستمبر تک عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔گھوش کو فی الحال پریزیڈنسی سنٹرل جیل کے ایک الگ تھلگ سیل میں رکھا گیا ہے ۔ سندیپ گھوش کو سی بی آئی نے 2 ستمبر کو گرفتار کیا تھا۔