سمادھی پر ریونت ریڈی اور سینئر قائدین کی حاضری
حیدرآباد۔13۔ جنوری (سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر ڈاکٹر ایم چنا ریڈی کی 103 ویں یوم پیدائش کے موقع پر کانگریس قائدین نے اندرا پارک پر موجود چنا ریڈی کی سمادھی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ڈاکٹر چنا ریڈی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے اور سمادھی پر پھول نچھاور کئے ۔ انہوں نے متحدہ آندھراپردیش میں ریاست کی ترقی کے لئے ڈاکٹر چنا ریڈی کے اقدامات کی یاد تازہ کی۔ انہوں نے کہا کہ چنا ریڈی نے تلنگانہ کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی تھی۔ انہوں نے تلنگانہ کی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے علحدہ تلنگانہ تحریک کا حوالہ دیا۔ اس موقع پر سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا ، سابق رکن پارلیمنٹ ، انجن کمار یادو ، مہیش کمار گوڑ ، جی نرنجن اور دوسرے موجود تھے۔ ڈاکٹر ایم چنا ریڈی کے فرزند ایم ششی دھر ریڈی اور دیگر ارکان خاندان نے ریونت ریڈی کا استقبال کیا۔ چنا ریڈی کے پسماندگان کی جانب سے جینتی تقاریب کے انتظامات کئے گئے تھے۔ قائدین نے کہا کہ ڈاکٹر ایم چنا ریڈی غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل تھے اور بحران کی یکسوئی میں انہیں غیر معمولی مہارت حاصل تھی۔ متحدہ آندھراپردیش میں چیف منسٹر کے علاوہ انہوں نے گورنر اور مرکزی وزیر کے عہدوں پر نمایاں خدمات انجام دیں۔ ڈاکٹر چنا ریڈی کے نام سے ٹرسٹ قائم کرتے ہوئے مختلف فلاحی کام انجام دیئے جارہے ہیں۔ر