لندن ۔ لندن میں سارہ ایڈورڈ سے پولیس افسر کی زیادتی اور قتل کے واقعہ کے بعد میٹرو پولیٹن پولیس کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ڈپٹی اسسٹنٹ کمشنر جین کونرز کا کہنا ہے کہ معلوم ہے کہ اعتماد مجروح ہوا ہے، خواتین کو چاہیے کہ روکے جانے پر وہ اہلکاروں سے ان کی شناخت سے متعلق سوال کریں۔ جین کونرز کا کہنا تھا کہ لندن میں ایسے علاقے جہاں خواتین خود کو غیرمحفوظ سمجھتی ہیں، وہاں مزید پولیس اہلکاروں کے ذریعہ نگرانی بڑھائی جائے گی۔ خیال رہے کہ سارہ ایڈورڈ کے قاتل پولیس افسر وین کوزنز کو عمر قید کی سزا سنادی گئی ہے۔ لندن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جج لارڈ جسٹس فلفورڈ نے کہا کہ سارہ ایڈورڈ کے قتل کا کیس افسوسناک اور سفاکانہ تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس افسر وین کوزنز نے 3 مارچ کو سارہ کو گھر جاتے ہوئے اغوا کیا تھا اور اسے جھوٹے الزام میں گرفتار کر کے ہتھکڑی لگادی تھی۔ خبر ایجنسی کے مطابق پولیس افسر نے سارہ ایڈورڈ کو اغوا کر کے زیادتی کے بعد قتل کردیا تھا۔