سانپ کو منہ میں پکڑ کر ریل بنانے کے چکر میں نوجوان فوت

   

کاماریڈی۔ 6 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) زہریلے سانپ کو منہ میں پکڑ کر ریل بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کی چکر میں ایک نوجوان کی موت واقع ہو گئی۔ یہ واقعہ ضلع کاماریڈی کے بانسواڑہ میں پیش آیا ۔تفصیلات کے بموجب بانسواڑاہ منڈل کے دیسائی پیٹ کے موچی گنگارام اپنے فرزند موچی شیوراج کو سانپ پکڑنے کی تربیت دے رہا تھا اور اس کے کھیت میں ایک زہریلا ناگ سانپ نمودار ہونے پر اسے پکڑ لیا اور اپنے فرزند کو اس سے منہ میں پکڑنے کی ہدایت دی اور اس کی ریل بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کی ہدایت دی جس پر شیوراج منہ میں پکڑ کر ریل بنایا لیکن سانپ اس کے ہاتھ پر ڈس لیا لیکن شیوراج اس کی پرواہ کیے بغیر اپنے کام میں مصروف تھا کہ جسم میں زہر پھیل گیا اور دواخانہ پہنچنے تک جانبر نہ ہو سکا ۔پولیس اس خصوص میں مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا۔ سوشل میڈیا پر ریل بنا کر پوسٹ کرنے کے چکر میں کئی نوجوان جان کوجوکھم میں ڈالتے ہوئے اس طرح کی حرکتیں کر رہے ہیں۔ اس طرح کے واقعات سے سبق حاصل کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔