حیدرآباد 5 جون ( پی ٹی آئی ) ساوتھ سنٹرل ریلوے نے اب تک تین لاکھ سے زائد مائیگرنٹ ورکرس کو آبائی مقامات تک پہونچایا ہے ۔ جملہ 235 شرامک اسپیشل ٹرینیں چلائی گئیں جن میں 146 ٹرینیں تلنگانہ سے چلائی گئیں اور 1.87 لاکھ مزدوروں کو بھیجا گیا جبکہ 71 ٹرینیں آندھرا پردیش سے چلائی گئیں جن میں 90 ہزار سے زائد مائیگرنٹس کو روانہ کیا گیا ۔ مہاراشٹرا سے 18 ٹرینیں روانہ ہوئی تھیں جن میں 24 ہزار مسافرین کو روانہ کیا گیا ہے ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومتوں کی جانب سے مائیگرنٹس کی نشاندہی ‘ ان کے رجسٹریشن اور بکنگ وغیرہ کے کام کئے گئے تھے ۔ ریلویز نے تمام ٹرین سہولیات کسی رکاوٹ کے بغیر فراہم کرنے کے اقدامات کئے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ریلویز نے مسافرین کو ہر ممکنہ راحت کو ذہن میں رکھتے ہوئے اقدامات کئے ۔ انہیں پانی ‘ غذا وغیرہ بھی فراہم کی گئی ۔