دو ٹرین جزوی طور پر منسوخ، مسافروں میں کمی پر فیصلہ، مزدور طبقہ کی واپسی کا عمل تیز
حیدرآباد : ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے مزید 23 ٹرینوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مزید 2 ٹرینوں کو جزوی طور پر منسوخ کردیا ہے۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے حکام نے بتایا کہ ٹرین کے مسافرین کی تعداد میں ہونے والی کمی کے سبب ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے ان ٹرینو ںکو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گذشتہ ہفتہ محکمہ ریلوے کے عہدیداروں نے چند ٹرینوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور کہا تھا کہ مسافرین کی کمی کے سبب ریلوے کو ہونے والے نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لئے یہ اقدام کیا گیا ہے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق محکمہ ریلوے کی جانب سے ٹرینوں کی تنسیخ کے فیصلہ کے ساتھ ہی عوام کی تشویش میں اضافہ نہ ہو اس کے لئے بتدریج ٹرینوں کو منسوخ کیا جا رہاہے تاکہ ملک میں حالات مزید ابتر ہونے کی صورت میں مسافرین کے ہجوم ریلوے اسٹیشنوں پر امڈ نہ آئیں۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے کئے گئے فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ 23 ٹرینوں کو مکمل منسوخ اور 2ٹرینوں کو جزوی طور پر منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس فیصلہ سے ہونے والے اثرات کا جائزہ لینے کے بعد ہی محکمہ ریلوے کی جانب سے احکامات کی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے۔ آئندہ تواریخ میں منسوخ شدہ ٹرینوں میں بکنگ رکھنے والے مسافرین کو بغیر کسی کٹوتی کے ٹکٹ کینسل کروانے کی سہولت یا تاریخ میںتبدیلی کی سہولت حاصل رہے گی۔ ٹرینوں کی تنسیخ کی اطلاع کے ساتھ ہی بیرون ریاست سے تعلق رکھنے والے مزدور طبقہ کی جانب سے واپسی کا عمل مزید تیز ہوچکا ہے اور وہ دوبارہ لاک ڈاؤن کے خوف سے اپنے اپنے آبائی مقامات کو روانہ ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے حکام نے مسافرین سے خوفزدہ نہ ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ریلوے محض مسافرین کی تعدا دمیں ریکارڈ کی جانے والی کمی کے سبب ٹرینوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کر رہا ہے اسی لئے اس کا کوئی اور مطلب نکالتے ہوئے افواہوں کو پھیلانے سے گریز کرنا چاہئے ۔