سبالینکا نے انیسیمووا کو شکست دے کر خطاب کا کامیاب دفاع کیا

   

نیویارک، 7 ستمبر (آئی اے این ایس): عالمی نمبر ایک آرائنا سبالینکا نے امریکہ کی امانڈا انیسیمووا کو 6۔3، 7۔6(3) سے شکست دے کر مسلسل دوسرا یو ایس اوپن سنگلز خطاب جیت لیا۔ وہ 2014 کے بعد پہلی خاتون کھلاڑی بن گئیں جنہوں نے فلاشنگ میڈوز میں ٹرافی کاکامیاب دفاع کیا، اس سے قبل یہ کارنامہ سرینا ولیمز نے انجام دیا تھا۔ یہ سبالینکا کا اس سیزن کا پہلا گرانڈ سلام اورکیریئر کا چوتھا بڑا خطاب ہے۔ اس جیت کے ساتھ انہوں نے گرانڈ سلام میں اپنی 100 ویں کامیابی بھی حاصل کی اور اس سیزن کی56 ویں فتح اپنے نام کی، جو اب تک کسی بھی کھلاڑی سے زیادہ ہے۔ سبالینکا نے رواں سال آسٹریلین اوپن اور فرنچ اوپن کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی لیکن خطاب سے محروم رہی تھیں۔ تاہم، یو ایس اوپن میں انہوں نے پْرعزم کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انیسیموواکو قابو میں رکھا، جو لگاتار دوسرا گرانڈ سلام فائنل کھیل رہی تھیں۔ پہلے سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں کی سروِس پانچ بار ٹوٹی، لیکن سبالینکا نے فیصلہ کن برتری قائم کرکے سیٹ جیتا۔ دوسرے سیٹ میں وہ 5-4 پر میچ ختم کرنے کے قریب تھیں، مگر غلطی کے باعث انیسیمووا نے بریک حاصل کر کے مقابلہ ٹائی بریک تک کھینچ لیا۔ تاہم سبالینکا نے ٹائی بریک میں شاندارکھیل پیش کرتے ہوئے تیسری چمپئن شپ پوائنٹ پر کامیابی حاصل کی۔ اگرچہ انیسیمووا کا سبالینکا کے خلاف ہیڈ ٹو ہیڈ ریکارڈ 6-3 ہے اور انہوں نے رواں سال ومبلڈن سیمی فائنل میں انہیں ہرایا تھا، مگر اس بار وہ کامیاب نہ ہو سکیں۔ اس کے باوجود توقع ہے کہ وہ پہلی بار ویمنز ٹینس اسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) رینکنگ میں ٹاپ 5 میں جگہ بنائیں گی۔