نئی دہلی۔8 فروری (یو این آئی) حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء محبوبِ الہٰیؒ کی درگاہ کے سجادہ نشین خواجہ سید محمد نظامی کو آج نمازِ عصر کے بعد خواجہ ہال میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ قابلِ ذکر ہے کہ خواجہ سید محمد نظامی کا تعلق ایک صوفی، علمی اور ادبی گھرانے سے تھا۔ ان کا خاندان دہلی کی تہذیب و ثقافت کا علمبردار رہا ہے ۔ وہ فطرت کے مصور حضرت خواجہ سید حسن نظامی کے پوتے تھے ۔ ساتھ ہی وہ خواجہ سید حسن نظامی کے بھتیجے اور سید محمد مہدی نظامی کے بیٹے تھے ۔واضح رہے کہ ہفتہ کی شام ان کے باتھ روم میں گیزر میں آگ لگ گئی تھی۔ اس دھوئیں کی وجہ سے وہ بے ہوش ہو گئے تھے ۔ پولیس اہلکاروں کی مدد سے انہیں باتھ روم سے باہر نکالا گیا اور قریبی مول چند اسپتال میں فوری طور پر داخل کرایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے سید محمد نظامی کو مردہ قرار دے دیا تھا۔ اس حادثے میں ان کی اہلیہ بھی زخمی ہوئی ہیں۔ان کے سوگواران میں اہلیہ، دو بیٹے ، ایک بیٹی اور ان کی والدہ شامل ہیں۔