سدارامیا کے عہدہ پر برقرار رہنے کی اخلاقی حق نہیں : بی جے پی

   

نئی دہلی : بی جے پی نے میسورو اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی اسکام میں سی بی آئی سے جانچ کی منظوری سے دستبرداری کے معاملے پر کہا کہ سدا رمیا چیف منسٹر کے عہدے پر برقرار رہنے کا اخلاقی حق کھوچکے ہیں ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ، بی جے پی قومی ترجمان شہزاد پوناوالا نے کرناٹک کانگریس کے موڈا گھوٹالے کی سی بی آئی جانچ کیلئے منظوری واپس لینے کے فیصلے پر تنقید کی اور کہا کہ سدارامیا کے چیف منسٹر برقرار رہنے کی کوئی اخلاقی بنیاد نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس ‘محبت کی دکان’ نہیں چلا رہی ہے ، بلکہ وہ ‘کرپشن کی دکان’، ‘میڈیا کو دھمکی دینے کی دکان’ اور ‘ایس سی کمیونٹی والے گورنر کی توہین کی دکان’ چلا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس زمین سے جڑی پارٹی ہے ، جہاں بھی وہ اقتدار میں آتی ہے ، درج فہرست ذاتوں اور قبائل کی زمینیں اپنے رشتہ داروں کے نام منتقل کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا کام اقتدار میں آنے کے بعد لوٹ مار کرنا ہے ۔ کرناٹک میں موڈا گھوٹالے کے نام پر ہزاروں اور کروڑوں روپے لوٹے گئے ۔