سداسیوپیٹ میں مسجد شہید ، مسلمانوں میں غم و غصہ کی لہر

   

ریونیو حکام کی کارروائی کے خلاف شدید احتجاج ، مسجد کو دوبارہ اسی مقام پر تعمیر کرنے کا مطالبہ
ڈی ایس پی اور آر ڈی او کا مسلمانوں کیساتھ اجلاس ، اراضی دینے کا تیقن

سدا سیوپیٹ ۔ 21 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سداسیوپیٹ کے مضافاتی علاقہ میں نظام پور روڈ پر نو تعمیر شدہ مسجد مولانا کو ریونیو حکام کی جانب سے جمعہ کو اچانک شہید کر دیا گیا. جیسے ہی یہ خبر عام ہوئی مسلمانوں میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی اور بے چینی پیدا ہوگئی ۔ مسلمانوں کی کثیر تعداد موقع پر پہنچ گئی اور اس کاروائی کی شدید مذمت کرتے ہوے ریوینیو عہدیداروں کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ کچھ ہی دیر میں پولیس کی بھاری جمیعت وہاں پر تعینات کر دی گئی اور موقع واردات پر ڈی ایس پی سنگار یڈی پہنچ گئے اور انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر اور تحمل سے کام لے، افواہوں پر یقین نہ کریں اور پر امن رہیں۔ سدا سیو پیٹ کے سیاسی، سماجی قائدین مقام واقعہ پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔ ان قائدین نے مسجد کو شہید کرنے کی شدید مذمت کی اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس کے ذمہ دار عہدیدار و ملازمین کے خلاف کاروائی کی جائے اور مسجد کی دوبارہ اسی مقام پر فوری تعمیر کی جائے ۔ اس مسئلہ پر امجد اللہ خان خالد ترجمان مجلس بچاؤ تحریک نے ایک ویڈیو پیام کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس مسجد کو دوبارہ تعمیر کروائیں۔ محمد سلمان ایچ وائی سی نے بھی دورہ کیا۔ جمعہ کی شب تحصیلدار سداسیو پیٹ نے پریس نوٹ جاری کیا اور بتایا کہ سروے نمبر 165/36/1 اور 165/36/2 اسائنمنٹ اراضی ہے اور اس کی فروختگی اور غیر مجاز تعمیر کی شکایت پر محکمہ ریونیو کی جانب سے کاروائی کی گئی۔ بروز ہفتہ سداسیوپیٹ کے سیاسی، سماجی، مذہبی، ملی قائدین اور نوجوانان کے ساتھ ستیہ گوڑ ڈی ایس پی سنگاریڈی، رویندر آر ڈی او سنگاریڈی، شیواجی کمشنر بلدیہ سداسیو پیٹ نے ایک اجلاس منعقد کیا جس میں مسئلہ پر تفصیلی غور و غوض کیا گیا۔ مسلمان مسجد کی دوبارہ اسی مقام پر تعمیر کے مطالبہ پر مضبوطی سے قائم رہے۔ اجلاس میں ڈی ایس پی اور آر ڈی او نے کہا کہ چونکہ یہ سرکاری زمین ہے چنانچہ مسلمانوں کی جانب سے اراضی الاٹ کرنے کی درخواست دینے پر اراضی کا سروے کروانے کے بعد سرکاری طریقہ کار کی تکمیل کرتے ہوے مسجد کے لیے اراضی الاٹ کی جائیگی۔ مسلمانوں کی جانب سے فوری درخواست پیش کردی گئی اور کاروائی جلد از جلد مکمل کرتے ہوے اراضی الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ آج کے اجلاس میں محمد اکبر حسین صدر عید گاہ کمیٹی، اراکین بلدیہ محمد کلیم قریشی، محمد شجیع، عبدالواجد، اشفاق حسین صدر خدمت بینک، سید عبدالرافع الدمش صدر ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ سوسائٹی، شیخ غوث پاشاہ مقامی صدر مجلس، عبدالقدوس سابقہ رکن بلدیہ ، عبدالواجد (جنو) سابقہ رکن بلدیہ ، محمد وسیم اکرم سابقہ کواپشن ممبر، عبداللطیف، کامل انصار بی ار ایس قائدین کے علاوہ مختلف تنظیموں کے ذمہ داران اور نوجوان موجود تھے۔