سدی پیٹ میں ایس ایس سی امتحانات کی تیاری مکمل

   

سدی پیٹ 19 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سدی پیٹ ضلع میں ایس ایس سی دسویں جماعت کے امتحانات کیلئے 79 مراکز پر 163 BNSS-2023 سیکشن نافذ کیا گیا ہے پولیس کمشنر ڈاکٹر بی. انورادھا، آئی پی ایس نے اعلان کیا کہ مورخہ 21 مارچ سے 4 اپریل تک SSC دسویں جماعت کے پبلک امتحانات کے پیش نظر سدی پیٹ ضلع کے 79 امتحانی مراکز پر 163 BNSS سیکشن نافذ کیا جائے گا۔ یہ صبح 7 بجے سے دوپہر 3بجے تک مؤثر رہے گا۔ امتحانات کے دوران تمام قریبی زیروکس سینٹرز بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، اور امتحانی مراکز کے 500 میٹر کے دائرے میں پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد رہے گی۔ پولیس کی جانب سے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس افسران اور عملہ پوری طرح چوکنا رہے گا، جبکہ امتحانات کے دوران مسلسل پٹرولنگ کی جائے گی۔ مزید برآں، پولیس اسٹیشن سے امتحانی مراکز تک سوالیہ پرچے کی منتقلی کے دوران لازمی طور پر ایک کانسٹیبل بطور اسکارٹ تعینات رہے گا، اور امتحانی مراکز پر سخت سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے افسران کو احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ طلبہ و طالبات سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ امتحان کے وقت سے ایک گھنٹہ پہلے مرکز پہنچیں، اور کسی بھی قسم کی ذہنی پریشانی کے بغیر پْرسکون ماحول میں امتحان دیں۔