زخمی روشن سنگھ کی حالت نازک، ڈی سی پی کا دورہ
حیدرآباد۔ 5 نومبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد اور سائبرآباد میں غنڈہ عناصر اور روڈی شیٹرس کی سرگرمیاں پولیس کے لئے دن بہ دن سوال بنتی جارہی ہیں۔ برسر عام غنڈہ گردی اور تشدد سے خوف و دہشت مچائی جارہی ہے۔ اس طرح کا ایک واقعہ آج سائبرآباد کے علاقہ جگت گیری گٹہ پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا جہاں روڈی شیٹر نے ایک شخص پر کھلے عام حملہ کردیا۔ بیچ بازار سرے عام ایک شخص پر حملہ کرنے کا لائیو ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس نے پولیس کی چوکسی کے دعوؤں کی پول کھول دی۔باوثوق ذرائع کے مطابق بالیشور ریڈی نامی روڈی شیٹر نے روشن نامی نوجوان پر چاقو سے حملہ کردیا۔ روشن نے بیچ بچاؤ کرتے ہوئے زخمی حالت میں کسی طرح فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کے بعد روڈی شیٹر اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر چلا گیا۔ فلم انداز میں سین کریٹ کرتے ہوئے روڈی شیٹر نے جو واردات انجام دی اس سے غنڈہ عناصر کو حاصل کھلی چھوٹ اور پولیس کی عدم دلچسپی کے سبب ان کے حوصلے بلند ہونے کی مثال ملتی ہے۔ ذرائع کے مطابق روشن کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق روشن کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ ڈی سی پی کوٹی ریڈی نے جگت گیری گٹہ مارکٹ کا دورہ کیا جہاں حالات قابو میں بتائے گئے ہیں۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ بالیشور ریڈی اور روشن سنگھ ریڈی دونوں روڈی شیٹرس ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ محمد اور روشن سنگھ کے درمیان تلخ کلامی کے دوران بالیشور ریڈی نے روشن پر حملہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے درمیان پرانی دشمنی ہے۔ پولیس تمام پہلوانوں کی سرگرمیوں کا جائزہ لے رہی ہے ۔ مفرور روڈی شیٹرس کی تلاش کے لئے پولیس کی چار ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد جگت گیری گٹہ مارکٹ کے اطراف علاقوں خوف و دہشت کا ماحول دیکھا گیا ہے۔ ع