سرحدپار دہشت گردی کیلئے ہندوستان کی پاکستان پر سخت نکتہ چینی

   

نیویارک: 23 جولائی (یو این آئی) ہندوستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بین الاقوامی امن وسلامتی اور کثیرجہتی تعاون کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ‘‘سرحد پار دہشت گردی کی مسلسل سرپرستی’’ پر پاکستان کی سخت نکتہ چینی کی ہے ۔اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندے پی ہریش نے پہلگام میں سیاحوں پر کیے گئے دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستان کی انسداد دہشت گردی مہم کا حوالہ دیا اور پراکسی جنگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کا ذکر کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر ریاستی عناصر پاکستان کی حمایت سے موجودہ تنازعات کو تیزی سے بڑھا رہے ہیں۔پی ہریش نے سلامتی کونسل کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان کی سخت نکتہ چینی کی اور جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کا حوالہ دیا، جس میں 26 بے گناہ لوگوں کی جانیں گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے جواب میں ہندوستان نے آپریشن شروع کیا اور پاکستان اور اس کے قبضے والے کشمیر میں واقع دہشت گردوں کے کیمپوں کے خلاف درست اور مناسب کارروائی کی۔ بین الاقوامی تعلقات میں جواب دہی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ، انہوں نے کہا، ‘‘وہ ممالک جو بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور سرحد پار دہشت گردی کی سرپرستی کرتے ہیں، انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے آب و ہوا سے متعلق کارروائی، آفات کے تئیں لچیلے پن، عالمی صحت اور ترقیاتی شراکت داری میں ہندوستان کے اہم کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ہندوستان عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے کثیر جہتی تعاون پر یقین رکھتا ہے ۔