سرحد پر پڑوسی ریاستوں کی ایمبولنس گاڑیوں کو روکنے کی مخالفت

   

ہائی کورٹ کے احکام کے باوجود پولیس کا عمل آوری سے گریز، مریضوں کو مشکلات
حیدرآباد۔ ہائی کورٹ کی جانب سے سرحدی علاقوں میں ایمبولنس گاڑیوں کو روکنے پر برہمی کے اظہار کے باوجود پولیس کی جانب سے کرناٹک ، مہاراشٹرا اور آندھرا پردیش کی سرحدوں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے ایمبولنس گاڑیوں کو روکنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ سوریا پیٹ ضلع کے کوداڑ منڈل میں راما پورم کراس روڈ چیک پوسٹ کے قریب آندھرا پردیش سے کورونا کے مریضوں کو منتقل کرنے والی ایمبولنس گاڑیوں کو روکا جارہا ہے۔ ہاسپٹل سے تمام درکار دستاویزات کی اجرائی کے باوجود پولیس تلنگانہ میں داخلہ کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس عہدیدار ہاسپٹل حکام کی جانب سے لینڈ لائن کے ذریعہ فون کرنے پر اصرار کررہے ہیں جو کسی بھی ہاسپٹل کیلئے ممکن نہیں ہے۔ مریضوں کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ گذشتہ دو دنوں سے وہ اپنے مریض کو حیدرآباد منتقل کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن انہیں اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد میں دیگر ریاستوں کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکام نے یہ فیصلہ کیا تاکہ مقامی مریضوں کو بستروں کی کمی نہ ہو۔ اب جبکہ تلنگانہ ہائی کورٹ نے آج واضح احکامات جاری کئے ہیں دیکھنا ہے کہ ان پر کس حد تک عمل آوری ہوگی۔