سرفراز احمد ورلڈکپ تک پاکستانی ٹیم کے کپتان مقرر

   

کراچی ۔ 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے سرفراز احمد کو ورلڈ کپ 2019 تک پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔ لاہور میں سرفراز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ سرفراز ہی پاکستان کے کپتان ہیں اور ورلڈکپ میں وہ ہی پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سرفراز کی پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ وہ قیادت کی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں جہاں انہوں نے انڈر19، کراچی اور پی آئی اے کی قیادت کی اور ریکارڈ بہت اچھا رہا ہے۔ پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ جب سرفراز2017 میں کپتان بنے تو ہماری ٹیم ونڈے کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں 9 ویں نمبر پر موجود تھی اور ٹیم کی تنزلی کا خطرہ بھی موجود تھا جس کے نتیجے میں ہمیں ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑتا لیکن یہ ٹیم کو اٹھا کر لائے جو آج پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ پانچواں مقام بھی کم ہے لیکن امید ہے کہ آگے بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ مانی نے مزید کہا کہ ہر سیریز کے بعد قیادت کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہو جاتی ہیں لیکن میں واضح کردوں کہ سرفراز پاکستان ٹیم کے کپتان ہیں اورآگے بھی رہیں۔