حیدرآباد، 23 جنوری (آئی اے این ایس) ہندوستانی بیٹر سرفراز خان نے رانجی ٹرافی ایلیٹ گروپ سی کے مقابلے میں حیدرآباد کے خلاف ممبئی کی جانب سے شاندار اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 206 گیندوں پر ڈبل سنچری اسکورکی۔ یہ مقابلہ جمعہ کو راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ سرفراز خان نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے کیریئر کی پانچویں ڈبل سنچری مکمل کی اور بالآخر 219 گیندوں پر227 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔ ان کی اس یادگار اننگز میں 19 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے، جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 103.65 رہا۔ اس دوران انہوں نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور حیدرآباد کے کپتان محمد سراج کے خلاف صرف 39 گیندوں میں 45 رنز بٹورے۔ انہوں نے قائم مقام کپتان سدھیش لڈ (104 رنز) کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 249 رنزکی شراکت قائم کی، جس کے نتیجے میں ممبئی کی ٹیم 82 پر3 وکٹیں گرنے کے بعد 500 سے زائد رنز تک پہنچنے میں کامیاب رہی۔ سرفراز کی اس اننگز نے میچ کا پانسہ مکمل طور پر ممبئی کے حق میں پلٹ دیا۔ اسی اننگز کے ساتھ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 5,000 رنز کا سنگ میل بھی عبورکرلیا۔ دائیں ہاتھ کے بیٹر سرفراز خان حالیہ عرصے میں شاندار فارم میں ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں وجے ہزارے ٹرافی میں پنجاب کے خلاف صرف 15گیندوں پر نصف سنچری اسکور کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا تھا، جو لسٹ اے کرکٹ میں کسی ہندوستانی مرد بیٹرکی تیز ترین نصف سنچری ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 16 گیندوں پر نصف سنچری بنانے والے ابھیجیت کالے اور آتیت شیٹھ کے نام تھا۔ سرفراز وجے ہزارے ٹرافی میں ممبئی کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے، جہاں انہوں نے303 رنز 190.56 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے اسکورکیے۔ انہوں نے آخری مرتبہ نومبر 2024 میں ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ میچ میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی، تاہم مسلسل شاندارگھریلو کارکردگی کے ذریعہ قومی ٹیم میں واپسی کے لیے اپنا مضبوط دعویٰ پیش کرتے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں رواں سیزن سید مشتاق علی ٹرافی میں وہ ممبئی کے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے، جہاں انہوں نے سات میچوں میں329 رنز 65.80 کی اوسط اور 203.80 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے۔ سرفراز خان کو آئی پی ایل 2026 کے لیے پانچ مرتبہ کی چمپئن چنئی سوپرکنگز (سی ایس کے ) نے ان کی بنیادی قیمت 75 لاکھ روپے میں معاہدے پر بھی حاصل کیا ہے۔