نئی دہلی ۔ ہندوستانی ٹیم کے نوجوان مڈل آرڈر بیٹر سرفراز خان کو یقین نہیں تھا کہ انہیں بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ سیریز کے لیے ٹیم انڈیا میں منتخب کیا جائے گا۔ تاہم وہ غلط ثابت ہوئے اور انہیں ٹیم انڈیا میں جگہ مل گئی تاہم ٹیم میں نام آنے کے بعد اب خبریں آرہی ہیں کہ اس کھلاڑی کو پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں ملے گی۔ کے ایل راہول سرفراز کی جگہ پلیئنگ الیون میں شامل ہوں گے اور یہ خبر ان کے لیے بالکل اچھی نہیں ہے۔ سرفراز نے اپنی ڈیبیو سیریز میں انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، ان کی اوسط 50 سے زائد تھی لیکن رپورٹس کے مطابق کے ایل راہول کے تجربے کو دیکھتے ہوئے انہیں پلیئنگ الیون میں موقع ملنے والا ہے۔ علاوہ ازیں ٹیم انڈیا کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنا ہے لیکن اس کی نظریں آسٹریلیا میں ہونے والی پانچ میچوں کی ٹسٹ سیریز پر مرکوز ہیں۔ اس سیریز سے پہلے سلیکٹرز چاہتے ہیں کہ ان کے کھلاڑی مکمل تجربہ حاصل کریں اور میچ پریکٹس کریں۔ راہول کا تجربہ آسٹریلیا میں کارآمد رہے گا اور اب انہیں مواقع ملیں گے۔ پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے ایک ذریعے نے کہا کہ باہر سے آنے والے لوگ یہ نہیں سمجھتے کہ ٹیم کیسے کام کرتی ہے اورکس طرح کا نظام موجود ہے۔ کے ایل راہول نے جنوبی افریقہ میں اپنے آخری 3 ٹسٹ میچوں میں سنچریاں بنائیں جو حالیہ دنوں کی بہترین ٹسٹ اننگز میں سے ایک ہے اور زخمی ہونے سے قبل حیدرآباد میں اپنے آخری ٹسٹ میں 86 رنز بنائے تھے۔ بی سی سی آئی عہدیدار نے کہا کہ کے ایل راہول کو ٹیم سے خارج نہیں کیاگیا تھا بلکہ وہ زخمی ہوئے تھے ۔ وہ اب فٹ ہیں اور انہوں نے دلیپ ٹرافی میں نصف سنچری بھی بنائی ہے اور اب وہ بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹسٹ بھی کھیلیں گے۔ سرفراز خان نے انگلینڈ کے خلاف شاندار بیٹنگ کی۔ اسپنرز کے خلاف ان کا فٹ ورک شاندار تھا تاہم اس کے باوجود انہیں باہر بیٹھنا پڑے گا۔ کسی کھلاڑی کو زخمی ہونے کی صورت میں ہی موقع دیا جائے گا۔ ٹیم انتظامیہ راہول کو آسٹریلیا کے دورے کے لیے تیار رکھنا چاہتی ہے۔ اس کھلاڑی نے سڈنی، لارڈز، اوول، سنچورین جیسے بڑے غیر ملکی میدانوں پر سنچریاں اسکورکی ہیں اس لیے وہ دوڑ میں سرفراز سے بہت آگے ہیں۔